13 ویں بلڈ ایشیاء نمائش مصطفی کمال نے دورہ کیا

13 ویں بلڈ ایشیاء نمائش مصطفی کمال نے دورہ کیا

کراچی (اکنامک رپورٹر )چیئر مین پاک سر زمین پارٹی سید مصطفی کمال نے 18 سے 20 دسمبر تک کراچی ایکسپو سینٹر میں جاری تین روزہ 13 ویں بلڈ ایشیاء نمائش کا دورہ کیا۔ یہ نمائش تعمیرات، رئیل اسٹیٹ اور ہاؤسنگ انڈسٹری کی سب سے بڑی نمائش ہے جو ہر سال ای کامرس گیٹ وے پاکستان کی جانب سے منعقد ہوتی ہے۔ بلڈنگ و تعمیرات کے شعبہ میں زیادہ صلاحیت پر توجہ مرکوز کرنے کے لئے اس نمائش کے انعقاد میں کنسٹرکشن ایسوسی ایشن آف پاکستان (سی اے پی) اور آل کراچی ماربل انڈسٹریز ایسوسی ایشن کا تعاون حاصل ہے۔ نمائش کے پہلے دن صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ اور وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے کچی آبادیز و ترقیات مرتضیٰ علی بلوچ نے ایونٹ کا افتتاح کیا جہاں 350 سے زائد مقامی کاروباری اداروں اور 550 غیر ملکی کمپنیوں نے 600 سے زائد اسٹالز پر اپنے آلات، مٹیریل، خدمات اور متعلقہ شعبوں میں تکنیک پر مشتمل جدید ٹیکنالوجی کی نمائش کی۔ نمائش میں 17 ممالک بشمول چین، ایران، اٹلی وغیرہ جیسے ترقی پسند ممالک کی بڑی شرکت دیکھی گئی۔ گزشتہ 13 سالوں سے اس میگا ایونٹ نے کامیابی کے ساتھ سمندر پار نمائش کنندگان کو قابل قدر مواقع اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو تعاون کے لئے مقامی کاروباری اداروں کے ساتھ بات چیت، جوائنٹ وینچرز، ٹیکنالوجیز کی منتقلی، ایجنٹس، ڈسٹری بیوٹرز اور شراکت داروں کی تعیناتی کے لئے ایک پلیٹ فارم مہیاء کیا۔ یہ ایونٹ انجینئرز، کنٹریکٹرز، بلڈرز، کنسلٹنٹس، سرکاری حکام، بینکاروں، پالیسی سازوں، شراکت داروں اور اس صنعت کے دیگر پریکٹیشنرز اور پروفیشنل افراد کو نیٹ ورکنگ پلیٹ فارم کی فراہمی کیلئے انتہائی معلوماتی کانفرنسوں کے ایک وسیع سلسلے پر مشتمل ہے۔ 13 ویں بلڈ ایشیاء میں ’’سی پیک کنسٹرکشن کانفرنس‘‘، ’’پراپرٹی ایشیا‘‘، سٹون فیئر ایشیا‘‘ اور ’’فرنیچر ایشیاء‘‘ جیسے فورمز بھی شامل ہیں۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر