پیپلز پارٹی حدیبیہ اور نیازی سروسز فیصلوں سے مطمئن نہیں،پیپلز پارٹی
اسلام آباد (آئی این پی) پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات چوہدری منظور نے کہا ہے کہ نواز لاڈلے نے پہلیذاتی عدلیہ کیلئے تحریک چلائی اور اب ذاتی عدل کیلئے نظام کو تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں‘ نواز شریف تب لاڈلے تھے پی پی پی کے خلاف ہر سازش اور انتقام میں شریک رہے‘نئے لاڈلے عمران نیازی کو مشرف کی طرح وہ کچھ دے دیا گیا جو اس نے مانگا بھی نہیں ‘ بابے نے مشرف کو ترمیم کے نام پر آئین کے ساتھ کھلواڑ کا حق دیا‘پی ٹی آئی اور نون لیگ آدھا آدھا اور اپنی مرضی کا سچ بول رہی ہیں پیپلز پارٹی حدیبیہ اور نیازی سروسز جیسے فیصلوں سے مطمئن نہیں اور پورا سچ بول رہی ہے۔منگل کو پیپلز پارٹی کے ترجمان چوہدری منظور نے نواز شریف کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ لاڈلے نواز شریف کی چیخیں بتا رہی ہیں کہ ان کے مقابلے میں اب کوئی نیا "لاڈلا"آ گیا ہے۔ نواز شریف کی تو پانچ ماہ اور چند پیشیوں پر ہی چیخیں نکل گئیں چند پیشیوں پر چیخنے والا لاڈلا یاد کرے کہ اس نے محترمہ شہید اور ان کے بچوں کے ساتھ کیا کیا نہیں کیا‘ نواز شریف نے محترمہ اور اس کے نو عمر بچوں عدالتوں اور جیلوں میں کیسے کیسے نہیں رولا۔ چوہدری منظور نے کہا کہ ہم نے یہ سوتیلا پن پانچ دہایوں سے برداشت کیا لاشیں اٹھائیں مگر چیخے نہیں نواز شریف کا عدل اور انصاف کے ساتھ کوئی تعلق نہیں قوم کے ساتھ مذاق بند کر دیں ۔ ترجمان پی پی پی کے مطابق نواز لاڈلے نے پہلے "ذاتی عدلیہ" کیلئے تحریک چلائی اور اب "ذاتی عدل "کیلئے نظام کو تباہ کرنے پر تلے ہیں۔ نواز شریف تب لاڈلے تھے پی پی پی کے خلاف ہر سازش اور انتقام میں شریک رہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور نون لیگ آدھا آدھا اور اپنی مرضی کا سچ بول رہی ہیں پیپلز پارٹی حدیبیہ اور نیازی سروسز جیسے فیصلوں سے مطمئن نہیں اور پورا سچ بول رہی ہے۔