ڈاکٹر واسع شاکر پاکستان اکیڈمی آف سائنسز کے فیلو منتخب

ڈاکٹر واسع شاکر پاکستان اکیڈمی آف سائنسز کے فیلو منتخب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر ) پاکستان میں سائنسدانوں کے سپریم فورم پاکستان اکیڈمی آف سائنسز نے نیورولوجی کے ماہر ڈاکٹر پروفیسر محمد واسع شاکر کو اکیڈمی کا فیلو منتخب کرلیا ہے۔ پاکستان اکیڈمی آف سائنسز سائنسدانوں کا ایک غیر سرکاری اور غیر سیاسی فورم ہے جسے حکومت پاکستان نے صلاح کار اورمشاورتی بورڈ کا درجہ دیا ہوا ہے‘ پاکستان میں سائنس کی ترویج و ترقی کے حوالے سے تمام حل طلب امور تصفیے اور فیصلے کے لیے پاکستان اکیڈمی آف سائنسز کے حوالے کردیے جاتے ہیں۔ اکیڈمی ہر سال فیلو کے لیے ایسے سائنس دانوں کا انتخاب کرتی ہے جو اپنی فیلڈ میں ماہر ہوں‘ ان کی تحقیق کا دائرہ وسیع ہو اور اعلیٰ صلاحیت کے حامل ہوں۔ اس وقت ڈاکٹر عبدالقدیر خان، ڈاکٹر عطا الرحمن، ڈاکٹر اقبال چودھری، ڈاکٹر قاسم جان اور دیگر سائنسدان اکیڈمی کے فیلو ہیں‘ اکیڈمی نے ڈاکٹر واسع شاکر کو اس سال اپنا فیلو مقرر کیا ہے۔ پاکستان اکیڈمی آف سائنسز میں ڈاکٹر واسع شاکر کو ان کے تحقیقی کام خصوصاً نیورولوجی کے شعبے میں کی جانے والی کاوشوں کے نتیجے میں فیلو منتخب کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر واسع شاکر اس وقت آغا خان یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے شعبہ نیورولوجی کے سربراہ ہیں۔ اس کے علاوہ ورلڈ فیڈریشن آف نیورولوجی ایڈوکیسی کمیٹی کے چیئرمین اور نیورولوجی اویئر نیس اینڈ ریسرچ فاؤنڈیشن کے صدر ہیں۔ ڈاکٹر واسع شاکر پاکستان سوسائٹی آف نیورولوجی کے گزشتہ صدر، ورلڈ اسٹروک آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر اور ایڈوائزری کمیٹی فار پاکستان میڈیکل اینڈ ریسرچ کونسل کے رکن ہیں۔ وہ پاکستان اکیڈمی آف میڈیکل سائنسز ، رائل کالج آف فزیشین اور امریکن اکیڈمی آف نیورولوجی کے پہلے سے ہی فیلو ہیں۔ ڈاکٹر واسع شاکر کو ان کی بہترین تحقیقی کاوشوں پر پاکستان اکیڈمی آف میڈیکل سائنسز اور پاکستان اکیڈمی آف سائنسز کی جانب سے گولڈ میڈل کا اعزاز بھی دیا جاچکا ہے۔ ڈاکٹر واسع شاکر پاکستان اکیڈمی آف سائنسز کے سب سے کم عمر فیلو ہونے کے ساتھ ساتھ نیورو لوجی کے شعبے میں کسی بھی محقق کو پہلی مرتبہ فیلو منتخب ہونے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔