عوام کے جان ومال کی حفاظت اولین ترجیح ہے ،ڈی سی ملاکنڈ

عوام کے جان ومال کی حفاظت اولین ترجیح ہے ،ڈی سی ملاکنڈ

بٹ خیلہ (بیورورپورٹ )ڈپٹی کمشنر ملاکند سلمان خان لودھی نے کہا کہ ملاکنڈ کے عوام کے جان و مال کی حفاظت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح اور ذمہ داری ہے جس میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کرینگے ۔غیر ضروری یوٹرن ختم کئے جار ہے ہیں تاکہ حادثات میں کمی واقع ہوں اور ٹریفک کے مسئلے پر قابو پایا جاسکے ۔ مسائل کے حل کے لئے تمام محکموں کو ہدایات دئیے گئے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ کے رہنماء اور سابقہ اُمیدوار ضلع کونسل ملک انجینئر عادل خان سواتی کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے دوران کیا ۔ وفد میں سابق اُمیدوار صوبائی اسمبلی یاسر خان ایڈوکیٹ ، سابق ضلعی سینئر نائب صدر محمد رسول خان اور ولایت خان باچہ شامل تھیں ۔وفد نے دی سی ملاکنڈ سے تحصیل درگئی کے عوام کو درپیش مسائل اور مختلف اُمور پر تفصیلی بات چیت کی ۔ اس موقع پر وفد نے بتایا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت انصاف کے فوری فراہمی اور میرٹ کی پالیسی پر گامزن ہے اس لئے اُمید ہے کہ ضلع ملاکنڈ میں بھی عوام کو تمام بنیادی سہولیات فراہم کئے جائینگے ۔ وفد نے ڈی سی ملاکنڈ کو تحصیل درگئی میں مین چوکوں کے بندش ، یوٹرن اور لیویز اہلکاروں کے ڈیوٹی سے متعلق تفصیلی بات چیت کی جس کے حل کی ڈی سی سلمان خان لودھی نے یقین دہانی کرائی اور کہا کہ عوام کے مسائل کے حل کے لئے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی ۔

مزید : پشاورصفحہ آخر