چینی کارپوریشن زراعت ہاؤسنگ ، فوڈ پراسیسنگ اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے تیار

چینی کارپوریشن زراعت ہاؤسنگ ، فوڈ پراسیسنگ اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری ...

لاہور ( نیوز رپورٹر)صوبائی وزیرصنعت وتجارت میاں اسلم اقبال سے پنجاب سرمایہ کاری بورڈ میں چائنامشینری انجینئرنگ کارپوریشن کے نائب صدر مسٹر فینگ یان شوئی کی قیادت میں وفدنے ملاقات کی۔جس میں چائنا مشینری انجینئرنگ کارپوریشن کا پنجاب میں زراعت ،ہاؤسنگ،فوڈ پراسیسنگ اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہارکیا۔صوبائی وزیرصنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چائنا مشینری انجینئرنگ کارپوریشن کی توانائی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری حوصلہ افزاء ہے۔پنجاب میں زراعت،توانائی،فوڈ پراسیسنگ،ہاؤسنگ اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے بے گھر افراد کے لئے آئندہ پانچ سالوں میں 50لاکھ گھروں کی تعمیر کا اعلان کیا ہے۔پنجاب حکومت کا یہ منصوبہ لینڈ مارک کی حیثیت رکھتا ہے۔چینی سرمایہ کاروں کی اس شعبہ میں سرمایہ کاری کا خیرمقدم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ1500ایکڑ پر قائداعظم ایپرل پارک کے منصوبے پر کام کررہے ہیں۔قائداعظم ایپرل پارک میں صر ف ٹیکسٹائل کے یونٹس لگیں گے۔سپیشل اکنامک زونزبھی بنائے جارہے ہیں،چینی سرمایہ کار یہاں کھلے دل سے سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان زرعی ملک ہے اورزراعت کے شعبے میں تعاون بڑھایا جا سکتا ہے۔ہم چین کے ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کے خواہاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاہور میں ایکسپو سنٹرکام کررہا ہے جبکہ دیگر شہروں میں ایسے سنٹرز بنانا چاہتے ہیں۔چینی کمپنی ایکسپو سنٹرز کے قیام کے حوالے سے تعاون کرے۔مسٹر فینگ یان شوئی نے کہا کہ پاکستان دوست ملک ہے اور ہم صنعت کاری کے عمل میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔

ہاؤسنگ،سمارٹ میٹروں کی مینوفیکچرنگ،زراعت،فوڈ پراسیسنگ اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں۔چائنا پاکستان ماڈرن ایگری کلچرکمپری ہینسیو ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے چینی تصور کے بارے میں چینی ماہرین نے بریفنگ دی۔چینی کمپنی کی کمرشل منیجر،چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ جہانزیب برانہ ،چیف آپریٹنگ آفیسرہارون پاشا اور سرمایہ کاری بورڈ کے ڈائریکٹرز بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزید : کامرس