بلدیہ عظمیٰ کا اجلاس، حکومت اور اپوزیشن کا مل جل کرچلنے پر اتفاق

بلدیہ عظمیٰ کا اجلاس، حکومت اور اپوزیشن کا مل جل کرچلنے پر اتفاق

لاہور(جنرل رپورٹر)بلدیہ عظمیٰ لاہور کا 24واں اجلاس ڈپٹی مےئر /سپیکر راؤ شہاب الدین کی زیر صدارت ٹاؤن ہال میں منعقد ہوا ۔ مےئر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ممبر طاہرہ عزیز کی بھتیجی اور اعجاز چوہدری کے والد کیلئے دعائے مغفرت کی گئی ۔ سابقہ اجلاس کی توثیق ہوئی ۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ممبر ریاض اختر کی جانب سے قراردادیں پیش کی گئیں جن میں جہیز واپسی کی انکاری پر قانونی کارروائی ، شیلٹر ہومز کو ترک منشیات سینٹرز میں تبدیل کرنا ، نکاح سے قبل دولہا ، دلہن کا بلڈ کراس میچ ، کینسر اور تھیلیسیمیا کا میڈیکل ٹیسٹ کروانے ،ہال روڈ ، مال روڈ پر پارکنگ پلازہ ، ورلڈ بینک کے جاری ترقیاتی پروگرام کی منظوری اورسٹریٹ لائٹس کی خریداری کے لئے براہ راست فلپس کمپنی سے رابطہ کرنے کی قراردادیں شامل تھیں۔ تمام قراردادیں ہاؤس نے متفقہ رائے سے منظور کرلیں۔ مزید برآں ڈپٹی میئر میاں محمد طارق ، چیئرمین داؤد خان ، چےئرمین راجہ فضل الٰہی بٹ ، چےئرمین عفیف اشرف صدیقی ، چےئرمین چوہدری عبدالغفور تبسم اور ڈسٹرکٹ ممبرانیلہ ساجد بیگ نے عوامی مسائل کے حوالے سے گفتگو کی ۔ میئر لاہور کرنل ( ر) مبشر جاوید نے ہاؤس کے ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سکیموں کی منظوری کے لئے سیکرٹری بلدیات سے مکمل رابطے میں ہیں اور جلد منظوری کی امید رکھتے ہیں ۔کرنل (ر) مبشرجاوید نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کو توڑنے کی بجائے اس میں ترمیم کی جائے تاکہ یہ نظام چلتا رہے ۔آخر میں اپوزیشن لیڈر عفیف اشرف صدیقی نے میئر لاہور کے خطاب سے اتفاق کیااور مل جل کر آگے بڑھنے اور اس سسٹم کو مضبوط بنانے کا عہدبھی کیا۔

بلدیہ عظمیٰ

مزید : میٹروپولیٹن 1