ہسپتالوں میں طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے،زاہد اختر زماں

ہسپتالوں میں طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے،زاہد اختر زماں

لاہور( جنرل رپورٹر)سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر زاہد اختر زمان نے ہدایت کی ہے کہ سی ای اوز اور ڈی ایچ اوز ہسپتالوں میں طبی سہولیات کی مسلسل فراہمی یقینی بنائیں۔ سٹاف کی حاضری کی ہفتہ وار رپورٹ ڈی جی ہیلتھ کو بھجوائی جائے۔ پنجاب بھر کے سی ای اوز ہیلتھ اتھارٹیز کے اجلاس کی بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضلع اور تحصیل ہسپتالوں سے کنسلٹنٹ کی تحریری رپورٹ کے بغیر مریض ٹیچنگ ہسپتالوں کو ریفر نہ کئے جائیں۔سپیشل سیکرٹری محمد خان رانجھا اور ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر منیر احمد نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئرنے کہا کہ ہسپتالوں میں مریضوں یا ان کے رشتہ داروں کی طرف سے کی گئی شکایات کا ازالہ کیا جائے۔ مریضوں کی شکایات دور نہ کرنے والے انتظامی افسروں کے خلاف کارروائی ہوگی۔ انہوں نے اجلاس میں تمام اضلاع کے ہیلتھ افسروں کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کو ٹھوس وجوہات کے بغیر آگے ریفر نہ کیا جائے۔ بنیادی اور دیہی مراکز صحت میں رات کے وقت میڈیکل آفیسر کی موجودگی یقینی بنائی جائے۔ ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر منیر احمد نے سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری کو بریفنگ میں محکمہ صحت کے مختلف امور کی تفصیل بتائی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1