بحریہ یونیورسٹی کا پہلا کا نووکیشن ، 297طلبہ میں اسناد اور میڈلز تقسیم

بحریہ یونیورسٹی کا پہلا کا نووکیشن ، 297طلبہ میں اسناد اور میڈلز تقسیم

لاہور(سٹی رپورٹر) بحریہ یونیورسٹی لاہور کیمپس نے اپنے پہلے کانووکیشن کا انعقاد کیا۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور مہمان خصوصی تھے۔ کانووکیشن میں مجموعی طور پر 297طلباء کو اسناد سے نوازا گیا۔مہمان خصوصی نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء و طالبات کو تمغوں سے بھی نوازا۔ لالہ رخ، کنزا ثناء،محمد حمزہ عزیز، محمد شاویز حسین بلوچ، شمائلہ یاسمین، سارہ امجد، علی حسن، عمر اقبال، سلمان بہادر خان،نبیل اہتشام، محمد طاہر نواز، مائرہ علی چودھری، محمد مصعب سہیل اور رابیعہ زکا کو امتیازی کارکردگی دکھانے پر سونے کے تمغوں سے نوازا گیا۔ طلباء کو اپنے اپنے شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے پر 12چاندی کے تمغوں سے بھی نوازا گیا۔اپنے خطاب کے دوران گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے پاس آؤٹ ہونے والے طلباء کو ان کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور طلبہ کو جدید تعلیم کی فراہمی پر بحریہ یونیورسٹی لاہور کیمپس کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ انھیں اس بات کی بہت خوشی ہے کہ بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد، کراچی اور لاہور طلباء کو معیاری تعلیم کی فراہمی اور ان کی صلاحیتوں میں نکھار لانے کے لیے جدید تدریسی طریقہ کار، طلباء کے بین لاقوامی یونی ورسٹیز میں تبادلے ،سیمینارز اور ورکشاپس کا انعقاد کر رہی ہے۔انھوں نے بحریہ یونیورسٹی لاہور کیمپس کے توسیعی منصوبے اور بہتر سہولیات کی فراہمی پر خوشی کا اظہار کیا۔اس سے پہلے اپنے استقبالیہ خطاب میں ریکٹر بحریہ یونیورسٹی وائس ایڈمرل(ریٹائرڈ) محمد شفیق ایچ آئی (ایم) نے کہا کہ معاشی ترقی کے لیے اعلیٰ تعلیم انتہائی اہمیت اختیار کر چکی ہے۔ طلباء کو اعلیٰ معیاری تعلیم کی فراہمی کے ذریعے ملکی اور بین لاقوامی سطح کی ضروریات کے مطابق تیار کرنا بحریہ یونیورسٹی کا اولین مقصد ہے۔اسی مقصد کے حصول کے لیے ہم نے تعلیمی ڈھانچے، اساتذہ کی تربیت اور نصاب پر بہت کام کیا ہے تا کہ اسے عالمی تقاضوں کے مطابق استوار کیا جائے طلباء کو عالمی معیار کے مطابق تیار کرنے کے لیے بحریہ یو نی ورسٹی نے بیرون ممالک 37یونیورسٹیوں کے ساتھ روابط قائم کیے ہیں۔اس کے بہت سے فوائد ہیں جیسا کہ باہمی ریسرچ، طلباء کے بیرون ملک تبادلے اور بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے کے لیے فیس میں رعایت شامل ہے۔انھوں نے کہا کہ بحریہ یونیورسٹی قومی اور بین لاقوامی سطح پر انجینئرنگ اور بزنس پروگرامز کے لیے وابستگیوں کے اعتبار سے ملک میں سب سے آگے ہے۔بحریہ یونی ورسٹی انجینئرنگ اور بزنس پروگرامز میں Pakistan Washington Accord اورAssociation to Advance Collegiate Schools of Businessسے بالترتیب الحاق یافتہ ہے جو اسے ان پروگرامز میں عالمی سطح پر روشناس کروائیں گے۔حال ہی میں جاری کردہ کیو ایس ایشیئن یونی ورسٹیز رینکنگ میں بحریہ یو نیورسٹی پہلی 400یو نیورسٹیوں میں شامل ہے جبکہ پاکستان میں 23ویں نمبر پر ہے۔تقریب میں سینئر نیول آفیسرز، بحریہ یونی ورسٹی آفیشلز، کاروباری شخصیات اور طلباء کے والدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1