مشیرتعلیم کایو،ایس،پاکستان سنٹرفارایڈوانس سٹڈیز ان انرجی کادورہ
پشاور( سٹا ف رپورٹر)وزیر اعلیٰ کے مشیربرائے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبرپختونخوا ضیاء اللہ خان بنگش نے یو۔ایس۔پاکستان سنٹرفارایڈوانس سٹڈیز ان انرجی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈٹیکنالوجی حیات آبادپشاور کادورہ کیا۔ رکن صوبائی اسمبلی رنگیز خان بھی مشیرتعلیم کے ہمراہ تھے۔ ضیاء اللہ بنگش نے سنٹرمیں مختلف لیبارٹریوں کامعائنہ کیا اورجدید دورکے تقاضوں سے ہم آہنگ سہولیات کی فراہمی اور لیبارٹریوں میں مشینری اورجدیدآلات کی دستیابی کی تعریف کی۔ انہوں نے کہاکہ بہترین تعلیمی سہولیات کی فراہمی اورتحقیق کے میدان میں اس ادارے کا کردار قابل تعریف ہے۔ مشیرتعلیم ضیاء اللہ بنگش کو ادارے کی طرف سے پروفیسر محمد عباس خان، ڈپٹی ڈائریکٹر نجیب اللہ اور ڈپٹی ڈائریکٹر ارشد نفیس نے رینیوایبل انرجی کے میدان میں ادارے کی طرف سے کئے گئے اقدامات اور ریسرچ پر بریفنگ دی۔ ضیاء اللہ بنگش نے ایلیمنٹری اینڈسیکنڈری ایجوکیشن خیبرپختونخوا محکمہ میں سنٹرفار ایڈوانس سٹڈیز ان انرجی کو اپنا کردار اداکرنے اور تکنیکی سہولیات کی فراہمی کی پیشکش کی۔ انہوں نے کہاکہ سرکاری سکولوں میں معیاری تعلیم کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ہرقسم کی سہولیات مہیا کرنے کیلئے حکومت اقدامات اٹھارہی ہے۔ اس ضمن میں اس ادارے کی طرف سے مہیا کی جانیوالی تجاویز، تحقیق اوردیگر سہولیات سے محکمہ تعلیم بھرپوراستفادہ حاصل کرناچاہتی ہے۔ تاکہ ہمارے سکولوں میں انرجی کے مسائل حل ہوسکیں۔ ادارے کے حکام نے مشیرتعلیم کوکہاکہ وہ بہت جلد مختلف اضلاع میں پائلٹ پراجیکٹ کے تحت محکمہ تعلیم کے ساتھ کام کرنے کیلئے فیزیبلٹی تیارکریں گے جس پر مشیر تعلیم نے ان کاشکریہ ادا کیا۔