نئے اضلاع کے بنیادی مسائل کیلئے ٹھوس اقدامات ٹھائے جائیں گے، اجمل خان وزیر

نئے اضلاع کے بنیادی مسائل کیلئے ٹھوس اقدامات ٹھائے جائیں گے، اجمل خان وزیر

پشاور( سٹا ف رپورٹر)خیبر پختونخوا حکومت کے ترجمان اجمل خان وزیر نے کہا ہے کہ ضم شدہ اضلاع کے عوام کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے ٹھو س اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ علاقے میں سیاحتی مقامات کی ترقی، زراعت ، جنگلات ، تعلیم ، صحت اور دیگر شعبوں میں اصلاحات سے علاقے کے عوام کے مسائل حل ہوں گے اور روزگار کے وسیع مواقع حاصل ہوں گے۔ وہ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں جنوبی وزیر ستان کے علاقے شکئی کے 20رکنی وفد سے بات چیت کر رہے تھے۔ وفد کے ارکان نے ترجمان صوبائی حکومت کو علاقے کے مسائل سے آگا ہ کیا۔ اس موقع پر وفد کے ارکان سے اپنے خطاب میں ترجمان نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع کے عوام خصوصا جنوبی وزیر ستان کے عوام نے امن کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں جن کو پوری پاکستانی قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان ضم شدہ اضلاع میں ترقی و خوشحالی کے عمل کو تیز تر بنانے کی پہلے ہی ہدایت دے چکے ہیں۔ فاٹا سیکرٹریٹ کے مختلف ڈائریکٹوریٹس پہلے ہی صوبائی حکومت میں ضم کیئے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شکئی سمیت دیگر علاقوں میں تعلیم، صحت اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ علاقے میں ہائر سیکنڈری سکول، کالج اور ہر قسم کی سہولیات پر مبنی ہسپتال بنائے جائیں گے۔اجمل خان وزیر نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع میں بے روزگاری کا خاتمہ ہماری ترجیحات میں سرفہرست ہے پولیس سمیت تمام محکموں میں مقامی لوگوں کی بھرتی ہوگی اور ان کو تعلیمی قابلیت اور عمر میں خاطر خوا ہ رعایت بھی دی جائے گی تا ہم ڈیوٹی سے غائب سرکاری ملازمین سے کو ئی رعایت نہیں کی جائے گی۔وزیر اعظم عمران خان ضم شدہ اضلاع سے خصوصی لگاؤ رکھتے ہیں اور یہاں کے عوام کی ترقی میں بھر پور دلچسپی لے رہے ہیں اور ان کی ہدایت پر ضم شدہ اضلاع کی ترقی کے لیے ٹھوس منصوبہ بنایا گیا ہے انہوں نے کہا کہ علاقے کی ترقی ہمارا نصب العین ہے اور اس مقصد کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔ضم شدہ اضلاع میں بلدیاتی انتخابات سے عوام براہ راست ترقی اور خوشحالی کے عمل میں شریک ہوں گے۔ اب عوام کے فیصلے افسران اور حکام نہیں بلکہ عوام خود کریں گے اور حکومت کی جانب سے فراہم کر دہ خطیر فنڈز عوامی نمائندوں کے ذریعے ہی خرچ ہوں گے۔ جرگہ ممبران نے علاقے کے لیے اجمل خان وزیر کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ علاقے کی ترقی کے لیے حکومتی اداروں کے ساتھ بھر پور تعاون کیا جائے گا۔ اس موقع پر جرگہ کے ارکان نے اجمل خان وزیر کو روایتی پگڑی بھی پہنائی۔

مزید : پشاورصفحہ آخر