تعلیم اور صحت عامہ کی سہولیات دے کر جنوبی پنجاب کی محرومیاں دور کرینگے : وزیر اعظم

تعلیم اور صحت عامہ کی سہولیات دے کر جنوبی پنجاب کی محرومیاں دور کرینگے : وزیر ...

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ موجودہ حکومت جنوبی پنجاب کی محرومیاں دور کرے گی ، کسانوں کے حقو ق کا تحفظ کیا جائے گا ، تعلیم اور صحت عامہ کی سہولیات یقینی بنائی جائیں گی ، نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کیساتھ ساتھ روزگار کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی۔ان خیالات کااظہار انہوں نے بہاولپور ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی سے ملاقات میں گفتگو کے دوران کیا ۔ ملاقات میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امورنعیم الحق اور قومی اسمبلی میں چیف وہپ ملک محمد عامر ڈوگر بھی موجود تھے ۔ارکان قومی اسمبلی محمد عبدالغفار وٹو ،محمد فاروق اعظم خان ، مخدوم سید سمیع الحسن گیلانی ،سید مبین احمد اور چوہدری جاوید اقبال نے وزیراعظم کی جنوبی پنجاب میں خصوصی دلچسپی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے حلقوں میں عوامی مسائل ، ترقیاتی منصوبوں ،کسانوں کو درپیش مسائل ، تعلیم اور صحت کی صورتحال ، پانی کے مسئلے اور نوجوانوں کیلئے روزگار کی فراہمی کے حوالے سے آگاہ کیا ۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ماضی میں گورننس کی ناکامی، میرٹ کی نظر اندازی اور وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم کی وجہ سے جنوبی پنجاب پسماندگی کا شکار ہوا ۔ وزیراعظم نے جنوبی پنجاب میں پانی کے مسئلے، خصوصی طور پر عوام کو صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے مرکزی اورصوبائی حکومت کے اقدامات سے آگاہ کیا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ ممبران اپنے حلقوں میں عام آدمی سے مستقل رابطے میں رہیں تاکہ ان کے مسائل فوری طور پر حل ہوسکیں ۔ممبران قومی اسمبلی نے وزیراعظم کی طرف سے ڈ ویژنل سطح پر ممبران اسمبلی کی کمیٹی کے قیام کا خیر مقدم کیا ۔ کمیٹی ضلعی سطح پر مقامی مسائل کا حل مقامی قیادت کی مشاورت اور عوام کی امنگوں کے مطابق صوبائی حکومت کی نگرانی میں یقینی بنائے گی ۔ وزیراعظم نے کہاکہ حکومت نچلی سطح پر عوام کو بااختیار بنانے کے لیے پر عزم ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کی غفلت کی وجہ سے آج پاکستان سنگین سماجی و معاشی مشکلات کا شکار ہے۔موجودہ حکومت کی حالیہ کوششوں سے آج بیرونی سرمایہ کار اور معروف غیر ملکی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کررہی ہیں ۔ انشااللہ آنے والا وقت سماجی طور پر خوشحال اور معاشی طور پر مستحکم پاکستان کا وقت ہے ۔

عمران خان

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) وزیراعظم عمران خان نے فیصل آباد ہائیکورٹ بینچ کے قیام کے سلسلے میں وزیرقانون کو اعلی عدلیہ کے جج صاحبان اور سٹیک ہولڈرزسے مشاورت کرکے مسئلے کا حل تلاش کرنے کی ہدایت کردی۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے فیصل آباد بار ایسوسی ایشن کے وفدنے گزشتہ روز ملاقات کی۔ جس میں وزیرقانون ڈاکٹر محمد فروغ نسیم، ممبران قومی اسمبلی راجہ ریاض احمد، رضا نصراللہ گھمن، شیخ خرم شہزاد، نواب شیر وسیر، فیض اللہ کموکا، فرخ حبیب، اٹارنی جنرل انور منصور خان بھی شریک تھے۔ وفد نے وزیراعظم عمران خان کو فیصل آباد میں ہائی کورٹ بینچ کے قیام کا مطالبہ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ فیصل آباد کی موجودہ آبادی 2کروڑ سے زائد ہے۔کثیر آبادی اور صنعتی اور کاروباری مرکز ہونے کی وجہ سے کارپوریٹ اور دیگر نوعیت کے مقدمات میں اعلی عدلیہ سے انصاف کے حصول کیلئے فیصل آباد کے عوام کو لاہور جاکر اپنے مقدمات کی پیروی کرنا پڑتی ہے جوکہ ان کیلئے انتہائی مشکلات کا باعث بنتا ہے ۔وزیراعظم نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عوام الناس کو ان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی پی ٹی آئی حکومت کے منشور کا اہم جزو ہے۔ انہوں نے وکلا وفد کو فیصل آباد میں ہائیکورٹ بینچ کے قیام کیلئے مطلوبہ فنڈز فراہم کرنے کی یقین دہانی کرا تے ہوئے اٹارنی جنرل اور صوبائی وزیر کو امور 2ماہ میں نمٹانے کی ہدایت کردی ۔

مزید : صفحہ اول