توہین عدالت کیس ، فیصل رضا عابدی کی غیر مشروط معافی قبول

توہین عدالت کیس ، فیصل رضا عابدی کی غیر مشروط معافی قبول

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) سپریم کورٹ نے توہین عدالت کیس میں فیصل رضا عابدی کی غیر مشروط معافی قبول کرلی۔ بدھ کو سپریم کورٹ میں توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی۔ سپریم کورٹ نے فیصل رضا عابدی کی غیر مشروط معافی قبول کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ معافی قبول ہونے کا دیگر مقدمات پر اثر نہیں ہو گا۔ جسٹس عظمت سعید نے کہاکہ جائز تنقید پر کسی کو اعتراض نہیں ہوتا لیکن ایک حد تک ہونی چاہیے، ہمارے سامنے معافی کی صرف ایک درخواست تھی، تھوڑی سی احتیاط کرلیا کریں، وکیل فیصل رضا عابدی نے بتایا کہ فیصل رضا عابدی نے بہت کچھ سیکھ لیا ہے۔اورنج لائن تکمیل کیس میں سپریم کورٹ نے پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی سے منصوبے پر عدالتی احکامات پر عملدرآمد سے متعلق تفصیلات طلب کرتے ہوئے سماعت ایک ماہ تک ملتوی کردی۔ سپریم کورٹ میں اورنج لائن ٹرین منصوبے کی تکمیل سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ منصوبے کا کون سا حصہ عدالتی احکامات کے مطابق مکمل ہوا؟ منصوبہ حتمی طور پر 31جولائی 2019 کو مکمل ہونا تھا۔ عدالت نے کہا کہ منصوبے کے مختلف حصے مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دی تھی۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ عدالت نے میٹرو سٹیشنوں کو مکمل کرنے کا حکم دیا تھا، ٹھیکیداروں کو فنڈز کی عدم فراہمی کی شکایات ہیں۔ عدالت نے کہا کہ ایک ٹھیکیدار نے کہا تھا کہ فنڈز نہ بھی ملیں کام کرلیں گے۔

مزید : صفحہ اول