تحریک انصاف آج آصف زرداری کیخلاف درخواست دائر کرے گی

تحریک انصاف آج آصف زرداری کیخلاف درخواست دائر کرے گی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی طرف سے امریکہ میں جائیداد چھپانے اوراسے انتخابی گوشواروں میں ظاہرنہ کرنے کے خلاف تحریک انصاف کی قیادت نے الیکشن کمیشن میں درخواست دائرکرنے کی ہدایت کردی ہے،تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیرزمان کا کہنا ہے کہ پارٹی قیادت کی ہدایات انہیں موصول ہوگئی ہیں پارٹی قیادت کی ہدایت کے مطابق سابق صدرآصف علی زرداری کے خلاف جمعرات کوالیکشن کمیشن سندھ میں درخواست دائرکی جائے گی جس میں انہیں گوشوارے چھپانے پرنااہل کرنے کی استدعاکی جائے گی سابق صدرآصف علی زرداری نے این اے 213 نوابشاہ سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے ۔ اس سے قبل الیکشن کمیشن نے این اے 213 سے منتخب رکن قومی اسمبلی و پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کو عام انتخابات میں الیکشن قوانین کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کیا تھا جس کے مطابق ان پر انتخابی مہم کی تشہیر اور اخراجات کی تفصیلات نہ دینے کا الزام تھا۔ سابق صدرنے اپنے انتخابی گوشواروں میں بتایا تھا کہ ان کا ذریعہ آمدن زمینداری ہے،سابق صدر کے حلف نامے کے مطابق آصف زرداری کے پاس نقد رقم 75 کروڑ 86 لاکھ، 69 ہزار 73 روپے ہے جبکہ وہ کسی بھی سرکاری ادارے اور محکمے کے نادہندہ نہیں۔حلف نامے میں آصف علی زرداری نے اپنی تعلیم ڈپلومہ بتائی ہے تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ سابق صدرنے امریکہ میں اپنی ملکیت جائیداد انتخابی گوشواروں کے علاوہ نامزدگی فارم میں بھی چھپائی ہے اوروہ بددیانتی کے مرتکب ہوئے ہیں نیویارک کے علاقے میں ان کی مہنگی ترین جائیداد کی تفصیلات حاصل کرلی گئی ہیں جس پران کے خلاف نااہلی کے لیے الیکشن کمیشن سندھ میں آج درخواست دائرکردی جائے گی۔

مزید : کراچی صفحہ اول