نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری ہو گئی، جنوبی افریقہ میں موجود قومی ٹیم کے کون سے کھلاڑی ٹاپ ٹین میں شامل ہیں؟ جان کر پروٹیز کی ٹانگیں بھی کانپنا شروع ہو جائیں

نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری ہو گئی، جنوبی افریقہ میں موجود قومی ٹیم کے کون سے کھلاڑی ...
نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری ہو گئی، جنوبی افریقہ میں موجود قومی ٹیم کے کون سے کھلاڑی ٹاپ ٹین میں شامل ہیں؟ جان کر پروٹیز کی ٹانگیں بھی کانپنا شروع ہو جائیں

  

دبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کر دی ہے جس کے مطابق قومی ٹیم کے مایہ ناز لیگ سپنر یاسر شاہ ایک درجے تنزلی کے بعد 10 ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں جبکہ محمد عباس رینکنگ میں چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بلے بازوں کی فہرست میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی اجارہ داری برقرار ہے اور نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن دوسرے، سابق آسٹریلین کپتان سٹیو سمتھ تیسرے، بھارت کے چتیشور پجارا چوتھے اور جو روٹ پانچویں نمبر پر ہیں۔ اس فہرست میں آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر پانچویں نمبر پر موجود ہیں اور سری لنکا کے دیموتھ کرونارتنے ساتویں، جنوبی افریقہ کے ڈین ایلگر آٹھویں، نیوزی لینڈ کے ہینری نکولس نوویں اور پاکستان کے اظہر علی دسویں نمبر پر ہیں۔

رینکنگ کے مطابق باﺅلرز کی فہرست میں کاگیسو ربادا کا پہلی پوزیشن پر قبضہ برقرار ہے اور انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن دوسرے، جنوبی افریقہ کے ویرنون فلینڈر تیسرے، پاکستان کے محمد عباس چوتھے اور بھارت کے رویندرا جدیجہ پانچویں نمبر پر ہیں۔ بھارت ہی کے روی چندرن ایشوین چھٹے، آسٹریلیا کے نتھن لیون ساتویں، آسٹریلین فاسٹ باﺅلر پیٹ کومنز آٹھویں، آسٹریلیا ہی کے جوش ہیزل ووڈ نوویں اور پاکستان کے یاسر شاہ 10 ویں نمبر پر ہیں۔

بنگلہ دیش کے شکیب الحسن آل راﺅنڈرز کی فہرست میں پہلے نمبر پر براجمان ہیں اور بھارت کے رویندرا جدیجہ دوسرے، جنوبی افریقہ کے ویرنون فلینڈر تیسرے، ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر چوتھے، انگلینڈ کے بین سٹوکس پانچویں، بھارت کے روی چندرن ایشوین چھٹے، انگلینڈ کے معین علی ساتویں، آسٹریلیا کے مچل سٹارک آٹھویں، انگلینڈ کے کرس ووکس نوویں اور آسٹریلیا کے پیٹ کومنز 10 ویں نمبر پر ہیں۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان کے محمد عباس اور یاسر شاہ نے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں انتہائی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور دونوں ہی اس وقت جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز کیلئے قومی سکواڈ کا حصہ ہیں جن پر قومی ٹیم بھرپور انحصار کر رہی ہے۔ اور دونوں کھلاڑی ہی آئی سی سی کی ٹیسٹ رینکنگ کے مطابق ٹاپ ٹین کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔ 

دوسری جانب جنوبی افریقی سکواڈ میں شامل کاگیسو ربادا اور ویرنون فلینڈر کی آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں ٹاپ ٹین کھلاڑیوں میں شامل ہیں جو مخالف ٹیم کی دھجیاں اڑانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں اور پاکستان کیخلاف سیریز میں بھی اپنی ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ دونوں ٹیموں کے متعدد کھلاڑیوں کے نام ٹاپ ٹین کھلاڑیوں میں ہونے کے باعث یہ سیریز انتہائی دلچسپ ہو گی اور عمدہ کرکٹ کیساتھ شاندار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ 

مزید : کھیل