جسٹس(ر)جاوید اقبال کا نیب لاہوربیورو کا دورہ ، 56 کمپنیز کیسز میں ہونیوالی پیشرفت کا جائزہ ، میڈیا سے بغیر تصدیق خبر نہ چلانے کی درخواست

جسٹس(ر)جاوید اقبال کا نیب لاہوربیورو کا دورہ ، 56 کمپنیز کیسز میں ہونیوالی ...
جسٹس(ر)جاوید اقبال کا نیب لاہوربیورو کا دورہ ، 56 کمپنیز کیسز میں ہونیوالی پیشرفت کا جائزہ ، میڈیا سے بغیر تصدیق خبر نہ چلانے کی درخواست

  

لاہور(ویب ڈیسک) چیئرمین قومی احتساب بیوروجناب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے  نیب لاہور آفس کا دورہ کیا جہاں انہیں ڈائریکٹر جنرل نیب لاہورکی جانب سے مجموعی کارکردگی اور زیرِ تفتیش کیسز پر جامع بریفنگ دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق اپنے دورے کے دوران چیئر مین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے میگا کرپشن کیسز جن میں56کمپنیز کیس ، پیراگون سٹی سکینڈل، آشیانہ اقبال کرپشن کیس اور پنجاب پولیس فنڈز میں مبینہ بدعنوانی کے کیسز میں ہونیوالی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیئر مین نیب کا کہنا تھا کہ نیب کرپشن فری پاکستان کے خواب کو تعبیر بخشنے کیلئے کوشاں ہے جبکہ ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ نیب کی اولین ترجیح ہے۔چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ میگا کرپشن کے مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر منطقی انجام تک پہنچایا جائے جس کیلئے میرٹ،شفافیت اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر اقدامات اٹھائے جائیں۔چیئر مین نیب نے کہا کہ نیب کسی ملزم کے میڈیا ٹرائل کے حق میں نہیں, نیب کے قانونی اقدامات بزات خود میڈیا ٹرائل کا شکار ہیں تاہم میڈیا سے درخواست ہے کہ نیب سے متعلق خبریں ترجمان نیب سے تصدیق کے بعد چلائیں اور اس سلسلے میں قیاس آرائیوں سے گریز کریں۔

جسٹس(ر) جاوید اقبال نے کہا کہ نیب میں شواہد کے بغیر کسی ملزم کے خلاف کارروائی عمل میں نہیں لائی جاتی تاہم نیب کے تمام اقدامات ٹھوس شواہد کی بنیاد پرہی اٹھائے جاتے ہیں۔ نیب کی حوالات میں قید ملزمان کو آئین کی روشنی میں دی جانیوالی سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نیب میں تمام ملزمان کو نا صرف جیل مینول سے بڑھ کر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں بلکہ انکی عزتِ نفس کا آئین و قانون کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے باقاعدہ خیال بھی رکھا جا رہا ہے تاہم تفتیشی عمل میں مداخلت اور کسی قسم کی رعائیت کا تصور نیب میں موجودنہیں نیب صرف اور صرف میرٹ ٹھوس شواہد اور قانون کے مطابق بدعنوان عناصر کے خلاف مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے پر یقین رکھتا ہے۔

مزید : قومی