پاکستانی سیاست میں شدید طوفان دیکھ رہا ہوں،آصف زرداری ماضی کی طرح اس بار بھی باعزت بری ہوں گے:سینیٹر رحمان ملک
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ آنے والے مہینے میں پاکستان کی سیاست میں شدید طوفان دیکھ رہا ہوں جو حکومت بھی قابو نہیں کر سکے گی،حکومت احتساب کیلئے سنجیدہ ہے تو اپوزیشن کے ساتھ ملکر نیب اور ایف آئی اے کے قوانین میں ترامیم لانا ہوں گی۔
نجی ٹی وی کے مطابق سینیٹر رحمان ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سابق صدر آصف زرداری ماضی کی طرح اس بار بھی جھوٹے مقدمات سے باعزت بری ہوں گے،حکومت کا منی بجٹ عوام کیلئے مہنگائی کا بم ثابت ہوگا،حکومت نے جنوری میں نئے منی بجٹ کا عندیہ دی دیا ہے جو کہ تشویش ناک ہے،حکومت کا منی بجٹ عوام کیلئے مہنگائی کا بم ثابت ہوگا،پہلے ہی مہنگائی کے باعث عوام کی زندگی مشکل ہو چکی ہے،حکومت اپنے عوام سے کیے گئے تمام وعدے پورے کرنے میں مکمل ناکام رہی ہے۔سینیٹر رحمان ملک کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ہر دور میں اپنے خلاف سیاسی انتقامی کاروائیاں برداشت کی ہیں،آصف زرداری کو اس سے قبل12سال جھوٹے مقدمات میں جیل کی سزا دی گئی ،سزا دینے کے بعد آصف زرداری سے اس کی معافی مانگی گئی،اب بھی حکومت پیپلز پارٹی اور اپوزیشن جماعتوں کے خلاف جھوٹے مقدمات بنا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت احتساب کی آڑ میں بدترین انتقام لینے پر اتر آئی ہے، جو ان کی حکومت کیلئے اچھا نہیں ہوگا،پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آئین اور قانون کی سربلندی کی بات کی ہے اور جمہوریت کی سربلندی کیلئے ا پنی جانوں کا نذرانہ دیا ہے،پیپلزپارٹی کی قیادت کو اب بھی جھوٹے مقدمات بنا کر ڈرایا نہیں جا سکتا،پیپلز پارٹی پہلے کی طرح اب بھی تمام جعلی مقدمات کا سامنا کرے گی اور ان جعلی مقدمات سے باعزت بری ہوگی۔آنے والے مہینے میں پاکستان کی سیاست میں شدید طوفان دیکھ رہا ہوں جو حکومت بھی قابو نہیں کر سکے گی،احتساب کا نام لیکر عمران خان زیادہ دن تک حکومت نہیں کر سکیں گے،اگر حکومت احتساب کیلئے اتنی سنجید ہے تو اپوزیشن کے ساتھ ملکر نیب اور ایف آئی اے کے قوانین میں ترامیم لانا ہوں گی۔