آصف زرداری کے خلاف دستاویزی ثبوت جمع کروا دئیے،کسی کو این آراو نہیں دیں گے،معافی نہیں احتساب شروع ہوچکا :خرم شیر زمان

آصف زرداری کے خلاف دستاویزی ثبوت جمع کروا دئیے،کسی کو این آراو نہیں دیں ...
 آصف زرداری کے خلاف دستاویزی ثبوت جمع کروا دئیے،کسی کو این آراو نہیں دیں گے،معافی نہیں احتساب شروع ہوچکا :خرم شیر زمان

  

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ ہم نے سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف دستاویزی ثبوت جمع کروا دئیے ہیں،24دسمبر کو پاکستان کے عوام کو اچھی خبر ملے گی، کسی کو این آراو نہیں دیں گے،معافی نہیں ہے، احتساب شروع ہوچکا ہے، تیاری پکڑیں، ۔

نجی ٹی وی کے مطابق  الیکشن کمشنرآفس کے باہر قائد حزب اختلاف سندھ فردوس شمیم نقوی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خرم شیر زمان کا کہنا تھا  کہ آصف علی زرداری نے بدنیتی سے ملک سے باہر موجود جائیدادچھپائی،سابق صدر نے اپنی جائیداد کو اثاثوں میں جان بوجھ کر ظاہر نہیں کیا، ہماری الیکشن کمیشن سے درخواست ہے کہ اس پر تحقیقات کی جائیں اور ہمارے فراہم کردہ ثبوتوں کی بنیاد پر آصف علی زرداری کو نااہل قرار دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کی بدعنوانی پورے ملک پر عیاں ہے ، یہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں کہ آصف علی زرداری پیسہ ملک سے باہر لے گئے، پورا پاکستان جانتا ہے کہ دنیا کے وہ کون سے ممالک ہیں جہاں جائیدادیں خریدی گئیں؟۔ انہوں نے کہا کہ یہاں تعلیم، صحت اور بنیادی ضروریات زندگی کی حالت مخدوش ہے، آصف علی زرداری نے بدعنوانی کے لاتعداد ورلڈ ریکارڈ بنائے،ہم چاہتے ہیں نیب آصف علی زرداری کے موجودہ کیس پر تحقیقات کرے، امریکہ میں آصف علی زرداری کی جائیداد کی چھان بین ضروری ہے،اس پر تحقیقات جلد از جلد کی جائیں کہ جائیداد کس طرح خریدی گئی؟۔خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ ہم عوام کی لوٹی ہوئی دولت واپس لانا چاہتے ہیں،آصف علی زرداری کو نہیں چھوڑیں گے،عوام کی لوٹی ہوئی ایک ایک پائی کا حساب لیں گے۔

اس موقع پر سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ گر کوئی شخص صادق اور امین نہ رہے تو اس کو نااہل کیا جاتا ہے، آصف علی زرداری ایک تجربہ کار سیاستدان ہیں جو پاکستان کے صدر بھی رہے، اگر انہوں نے کوئی جائیداد ظاہر نہیں کی تو اس کا مطلب ہے وہ چھپانا چاہتے ہیں، اب ثبوت سامنے آچکے ہیں اور آصف علی زرداری کا جھوٹ پکڑا گیا ہے،ہم چاہتے ہیں الیکشن کمیشن فوری طور پر اس کا نوٹس لے۔ ایک سوال کے جواب میں خرم شیر زمان نے کہا کہ امریکہ میں کسی کی جائیداد ایسی چیز نہیں جو چھپائی جاسکے،اگر آپ کسی جائیداد کا پتہ جانتے ہیں تو ویب سائٹ سے اس کی ملکیت معلوم کرسکتے ہیں،الیکشن کمیشن میں ہم نے دستاویزات جمع کروادی ہیں، اب باری آصف علی زرداری کی ہے، آصف علی زرداری ثابت کریں کہ وہ صادق اور امین ہیں۔انہوں نے کہا کہ  پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں قانون نافذ کرنے والے ادارے آزاد ہیں،اگر ہمارا بھی کوئی رہنما کرپشن میں ملوث ہے تو ثابت کریں، ہماری سیاست مفاہمت اور مفادات کی بنیاد پر نہیں ہے۔ ہم نے فیصلہ کر لیا ہے کسی بھی بدعنوان کو این آر او نہیں دیں گے،جن لوگوں نے لوٹ مار کی اور تباہی مچائی، انہیں جیلوں میں جانا پڑے گا۔واضح رہے کہ پیپلز پارٹی نے بھی وزیر اعظم عمران خان اور وفاقی وزیر فیصل ووڈا کی نا اہلی کے لئے الیکشن کمیشن سے رجوع کرتے ہوئے ان کے اثاثوں کی تفصیلات مانگ لی ہیں۔سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے پاس شواہد موجود ہیں،ہم ثابت کرنا چاہتے کہ ان کی منی ٹریل مشکوک ہے،ہم نے ایف بی آر سے عمران خان کی ہمشیرہ کی تمام جائیداد کیتفصیلات مانگیں ہیں ،ابھی تک ان سے منی ٹریل کا نہیں پوچھا گیا،یہ کیسے ممکن ہے کہ ایک سیاسی جماعت کے لیئے ایک قانون اور دوسری کے لیئے دوسرا قانون ہو؟ پیپلز پارٹی احتساب سے حائف نہیں ہے لیکن سب کے خلاف ایک ہی قانون سے احتساب کیا جائے۔

مزید : قومی /علاقائی /سندھ /کراچی