بلاول بھٹو زرداری کو نوٹس دینا زیادتی،قانون کو اپنی مرضی کے تابع کرنے سے ملک وقوم پر منفی اثرات مرتب ہوں گے:سید قائم علی شاہ 

بلاول بھٹو زرداری کو نوٹس دینا زیادتی،قانون کو اپنی مرضی کے تابع کرنے سے ملک ...
 بلاول بھٹو زرداری کو نوٹس دینا زیادتی،قانون کو اپنی مرضی کے تابع کرنے سے ملک وقوم پر منفی اثرات مرتب ہوں گے:سید قائم علی شاہ 

  

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر تین رہنما اور سابق وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کو نوٹس دینا زیادتی ہے جس کا عوام میں تاثر اچھا نہیں جا رہاہے،  پاکستان پیپلز پارٹی عملیت پسند جماعت ہے جس کا دوسرا نام بھٹو ازم ہے ،سینئر زکی پارٹی کیلئے جدوجہد اورخدمات کی روشن تاریخ جونیئرز کیلئے مشعل راہ ہے،پاکستان پیپلز پارٹی کی سابقہ وفاقی اور موجودہ صوبائی حکومت سندھ میں روز گار،کسانوں،مزدورں اور خواتین کے حقوق کیلئے کام کررہی ہے،آمریت کے دور میں ملوں اور کارخانوں سے برطرف کئے جانے والے ملازمین کو سابق صدر آصف علی زرداری کی قیادت میں حکومت نے بحال کیا۔

پی پی پی میڈیا سیل سندھ میںپیپلز پیرا میڈیکل پاکستان کی جانب سے نئے سال 2019کے حوالے سے منعقدہ کیلینڈر کی تقریب رونمائی کے موقع پر  خطاب کرتے ہوئے سید قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ  پیپلز پارٹی کے خلاف کارروائی آج سے نہیں شہید ذوالفقار علی بھٹو کے وقت سے جاری ہے اوران کو عوام کا احساس نہیں ہے تاہم پیپلز پارٹی عوام کے حقوق کے لئے جدوجہد کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تاریخ اور جمہوری خدمات کے حوالے سے پیپلز پارٹی کی تاریخ پاکستان کی کسی جماعت میں نہیں ملتی، بلاول بھٹو زرداری کو نوٹس دینا زیادتی ہے جس کا عوام میں تاثر اچھا نہیں جا رہاہے ، اپنی مرضی اور خواہش کو مسلط کرنے کے بجائے قانون کو اپنا راستہ خود بنانے دیا جائے کیونکہ جب جب قانون کو اپنی مرضی کے تابع کیا جاتا ہے تب تب ملک وقوم پر سنگین منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں لہذا بہتر ہے قانون کو اپنا کام کرنے دیا جائے اور جرم ثابت ہونے سے پہلے کسی کو بھی مجرم نہ گردانا جائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت ڈالر پر چلتی ہے لیکن جن کو یہ نہیں پتہ کہ روپے کی قدر کم ہونے سے غریب پر کیا گزرے گی وہ کیا حکومت چلائینگے۔انہوں نے کہا کہ یوٹرن پوری دنیا میں پاکستان کے لئے بدنامی کا باعث بن چکا ہے آئی ایم ایف کے پاس نہ جانے والے ان کے در پر بیٹھے ہیں۔

مزید : علاقائی /سندھ /کراچی