عوام کی خدمت کے سوا کوئی اور ایجنڈاہے نہ ہوگا، ہمارے کام خود بولیں گے،محکمے اپنے اہداف کے حصول کیلئے شب و روز ایک کردیں:سردارعثمان بزدار

عوام کی خدمت کے سوا کوئی اور ایجنڈاہے نہ ہوگا، ہمارے کام خود بولیں گے،محکمے ...
عوام کی خدمت کے سوا کوئی اور ایجنڈاہے نہ ہوگا، ہمارے کام خود بولیں گے،محکمے اپنے اہداف کے حصول کیلئے شب و روز ایک کردیں:سردارعثمان بزدار

  


لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار  نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کے 100روز محنت سے عبارت ہیں،عوام کی خدمت کے سوا کوئی اور ایجنڈاہے نہ ہوگا،وسائل ہیومن ڈویلپمنٹ پر صرف کر کے اہداف کا حصول یقینی بنایا جائے گا کیونکہ انسانوں پر وسائل خرچ کرنے والی قومیں ہی ترقی کرتی ہیں،تحریک انصاف کی حکومت عوام کی پائیدار ترقی و خوشحالی پر توجہ دے رہی ہے ،ہمارے کام خود بولیں گے،ماضی میں صرف نمائشی منصوبوں پر قومی وسائل ضا ئع کئے گئے، ہم قومی وسائل کے امین ہیں اور قوم کی امانت کی پائی پائی کا حساب دیں گے اور کسی کو قوم کی امانت میں خیانت نہیں کرنے دیں گے ،تحریک انصاف کی حکومت نے کفایت شعاری اور بچت کرکے نئی مثال قائم کی ہے اوربچائے گئے وسائل عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کریں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت آج وزیراعلیٰ آفس میں 100روزہ ایجنڈے پر پیش رفت کے حوالے سے اجلاس منعقدہوا ،4گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس میں وزیراعلیٰ نے 6صوبائی محکموں کی100روزہ کارکردگی،عوام کو ریلیف دینے کے لئے کئے گئے اقدامات اور آئندہ کے لائحہ عمل کافرداً فرداً جائزہ لیا ۔وزیراعلیٰ کو لٹریسی ونان فارمل بیسک ایجوکیشن،سپیشل ایجوکیشن،پبلک پراسکیویشن، زکوٰۃ و عشر،اوقاف و مذہبی اموراورمینجمنٹ پروفیشنل ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی 100روزہ کارکردگی اورفیوچر پلان کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے فرداً فرداً ہر محکمے کی کارکردگی اورمستقبل کے منصوبوں کے بارے میں سوالات کیے اور محکموں کو ہدایات جاری کیں کہ وہ اقدامات اٹھائے جائیں جس سے براہ راست عوام مستفید ہوں اور عوام کے مسائل کے حل پر فوکس کیا جائے ۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ محکمے اپنے اہداف کے حصول کیلئے شب و روز ایک کردیں اورانفرادیت اور جدت کے ذریعے محکموں میں ا صلاحات لائی جائیں،جن کا بنیادی مقصد عام آدمی کی زندگیوں میں بہتری لانا ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ 100روزہ پلان پر عملدرآمد سے ترقی وخوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا، پنجاب حکومت نے بڑی عرق ریزی سے ترجیحات کا تعین کرلیا ہے ،پنجاب وزیراعظم کے ایجنڈے کی تکمیل میں سب سے آگے ہوگا، محکموں نے اپنی کارکردگی کے ذریعے عوام کو ریلیف فراہم کرناہے اوراچھی کارکردگی پرحوصلہ افزائی کی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ محنت اورانفرادیت کے ساتھ نئی منزل کی جانب بڑھیں گے، ہماری منزل عام آدمی کی فلاح وبہبود اوراس کے معیارزندگی کو بلند کرنا ہے ۔صوبائی وزیر لٹریسی و نان فارمل بیسک ایجوکیشن راجہ راشد حفیظ،صوبائی وزیر سپیشل ایجوکیشن محمد اخلاق، صوبائی وزیر پبلک پراسیکویشن چودھری ظہیر الدین، صوبائی وزیر زکوۃ وعشر شوکت علی لالیکا،صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امورپیرسید سعیدالحسن شاہ، صوبائی وزیر مینجمنٹ پروفیشنل ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ سید حسین جہانیاں گردیزی،متعلقہ سیکرٹریز اور اعلیٰ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

مزید : قومی