سپورٹس راؤنڈاپ 

سپورٹس راؤنڈاپ 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


حالات ایسے نہیں کہ اولمپکس 2021 نہ ہوں،جاپان
جاپان نے اولمپکس 2021کے حوالے سے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے متاثرین میں اضافے کے باوجود ایسے حالات نہیں ہیں کہ اولمپکس گیمز دوبارہ منسوخ کی جائیں۔ ٹوکیو کی گورنر یوریکو کوئیکے نے  اپنے ایک انٹرویو میں خبردار کیا کہ اولمپکس دوبارہ منسوخ ہونے سے دیگر بین الاقوامی کھیلوں کا مستقبل بھی متاثر ہوگا، جن میں بیجنگ میں ہونے والی ونٹر گیمز 2022 اور پیرس کی سمر گیمز 2024شامل ہیں۔یاد رہے کہ اولمپکس جولائی 2020 میں جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں منعقد ہونا تھے جو کورونا کی علامی وبا کے باعث ملتوی کر دیے گئے تھے۔ تاریخ میں پہلی مرتبہ اولمپکس گیمز منسوخ کی گئی تھیں جو جولائی 2021 میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔گورنر یوریکو کوئیکے نے اعتراف کیا کہ موجودہ حالات کے باعث جاپان کے شہریوں کی اکثریت کھیلوں کی میزبانی کرنے کی مخالف ہے تاہم حکومت مستقبل کے حالات کا مقابلہ کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹوکیو میں اتنی بڑی سطح پر کھیل منعقد ہونے سے دنیا کو یہ پیغام جائے گا کہ انسانیت نے کورونا وائرس کو شکست دے دی ہے، جس کے بعد بیجنگ ونٹر گیمز اور پیرس گیمز منعقد ہونے کی راہ بھی ہموار ہو جائے گی۔نئے شیڈول کے مطابق جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں 23 جولائی سے 8 اگست 2021 تک اولمپکس گیمز منعقد ہوں گی۔جون میں جاپانی حکام اور انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے پہلے ہی خبردار کر دیا تھا کہ گیمز دوبارہ ملتوی کرنا ممکن نہیں ہوگا، ایک برس کی تاخیر سے بھاری مالی نقصان ہو چکا ہے۔
قومی ٹین پن باؤلنگ چمپئن شپ 25دسمبر سے 
پاکستان ٹین ٹین پن باؤلنگ فیڈریشن کے زیراہتمام قومی ٹین پن باؤلنگ چمپئن شپ 25 دسمبر سے کراچی میں شروع ہو گی، پاکستان ٹین ٹین پن باؤلنگ فیڈریشن کے صدر اعجاز الرحمن نے بتایاکہ چمپئن شپ کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے مرد اور خواتین کھلاڑی حصہ لیں گے ٹورنامنٹ میں آٹھ مختلف کیٹگریز کے مقابلے رکھے گئے ہیں جن میں مینز سنگلز، مینزڈبلز، لیڈیز سنگلز، ایمچور، ٹیم ایونٹ، انٹریونیورسٹی، انٹر سکول اورمیڈیا کیٹگریز کے مقابلے شامل ہیں، ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل مقابلے 29 دسمبر کو جبکہ فائنل 30 دسمبر کو کھیلے جائیں گے،ٹورنامنٹ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔
 قطر 2030  اور سعودی عرب2034میں ایشیائی کھیلوں کے میزبان 
 خلیجی ملک قطر کے دارالحکومت دوحہ میں 2030 میں ایشیائی کھیل منعقد کیے جائیں گے جبکہ سعودی عرب 2034میں اپنے شہر ریاض میں ایشائی کھیلوں کی میزبانی کرے گا۔عمان کے دارالحکومت مسقط میں منعقدہ او اے سی کی انتالیسویں تقریب میں ایشیا کے پینتالیس ممالک کی قومی اولمپک تنظیموں نے ووٹنگ کے ذریعے دوحہ میں ایشیائی کھیل منعقد کرنے کا فیصلہ کیا۔او سی اے نے اپنے فیصلہ کہا کہ ووٹنگ میں کامیابی حاصل کرنے والے قطر کے شہر دوحہ کو ایشیائی کھیل دو ہزار تین کی میزبانی سونپی جائے گی جبکہ دوسرے امیدوار سعودی عرب کو دوہزار چونتیس میں منعقد ہونے والے ایشیائی کھیلوں کی میزبانی دی جائے گی۔اس موقع پر او سی اے کے صدر شیخ احمد بن الفہد الصباح نے کہا کہ  ایمانداری سے کہا جائے تو مغربی ایشیا میں دو کھیل منعقد کیے جانے سے مجھے بے حد خوشی ہوگی۔واضح رہے کہ اس سے قبل دو ہزار چھ میں قطر نے ایشیائی کھیلوں کی میزبانی کی تھی لیکن سعودی عرب نے ابھی تک ایشیائی کھیلوں کی میزبانی نہیں کی ہے،اس کے علاوہ آئندہ ایشیائی کھیل سنہ 2021میں چین کے شہر ہانگ جھؤ میں منعقد کیے جائیں گے جبکہ 2026میں جاپان ایشیا کھیل کی میزبانی کرے گا۔
روسی ٹینس اسٹار ماریا شراپوا کی منگنی 
روسی ٹینس اسٹار ماریا شراپوا نے اپنے لاکھوں مداحوں کو اپنی منگنی کی خبر دے کر حیران کردیا۔ انسٹاگرام اکاونٹ پر 33سالہ ماریا شراپوا نے اپنے منگیتر کے ہمراہ تصویر شیئر کی اور منگنی کے حوالے سے لوگوں کو آگاہ کیا۔ جس کے بعد مداحوں نے اس پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لئے نیک تمناوں کا اظہار کیا،ماریا شراپوا نے پیغام میں لکھا کہ یہ ہمارا ایک چھوٹا سا راز تھا، انہوں نے تو پہلی ملاقات میں ہی ہاں کردی تھی۔ الیگزینڈر برطانوی بزنس مین ہیں اور ماریا شراپوا کے ساتھ انکی دوستی 2008 سے جاری ہے۔ماریا شراپوا کے منگیتر الیگزینڈر نے بھی اس موقع پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ٹینس گرل سے اپنی محبت کا اظہار کیا اور انسٹاگرام اکاونٹ پر پیغام جاری کیا۔
ورلڈ جونیئر بیڈمنٹن چیمپئن شپ کورونا کی نذر
نیوزی لینڈ میں ہونے والے 2020 ورلڈ جونیئر بیڈمنٹن چیمپئن شپ کو کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا ہے۔ مئی میں طے شدہ پروگرام کو جنوری 2021 میں منتقل کرنے سے پہلے رواں ماہ اکتوبر کا شیڈول دیا گیا تھا جو بہت کوشش کرنے کے باوجود تاحال ممکن نہیں ہوسکا۔ بیڈ منٹن ورلڈ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل تھامس لنڈ نے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ کورونا وائرس کی وجہ سے سفری داخلے کی پابندیوں اور  دیگر پیچیدگیوں نے ورلڈ جونیئر بیڈمنٹن چیمپئن شپ رواں ماہ ناممکن بنا دیا ہے۔بی ڈبلیو ایف نے کہا کہ آئندہ سال کے میزبان پہلے سے موجود ہیں مزید التوا کا انتخاب کوئی آپشن نہیں تھا۔ نیوزی لینڈ کے بیڈ منٹن چیف ایگزیکٹو جو ہچکاک نے کہا کہ  چیمپئن شپ کی  منسوخی مایوس کن ہے، لیکن اس پر اتفاق کیا گیا کہ موجودہ حالات میں یہ ہی درست فیصلہ ہے۔
فٹ بال ورلڈ کپ انڈونیشیا میں 
انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو نے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ فیفا انڈر 20ورلڈ کپ 2021مئی اور جون میں انڈونیشیا میں ہوگا۔جوکو ویدودو نے کابینہ کے ایک اجلاس میں کہا کہ ہمیں یہ یقینی بنانا ہو گا کہ انڈونیشیانے کھیل اور کھلاڑی کی حفاطت کیلئے صحت کے سخت پروٹوکول تیار کئے ہیں۔

مزید :

ایڈیشن 1 -