پیپلزپارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس قبل ازوقت بلانے پر غور
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی استعفوں کے معاملے پر پی ڈی ایم کا ساتھ دیگی یا نہیں؟ اس کا حتمی فیصلہ پیپلز پارٹی کے سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں کیا جائیگا، حسب روایت پیپلز پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کاسالانہ اجلاس 27 دسمبر کولاڑکانہ میں ہوتا ہے لیکن اس مرتبہ پہلے بلا ئے جانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ پی پی پی ذرائع کے مطابق 27 دسمبر کو پی ڈی ایم کی مرکزی قیادت لاڑکانہ میں موجود ہو گی،پی ڈی ایم قیادت کی موجودگی میں بلاول بھٹو کی مصروفیات ہونگی، اس لئے پارٹی رہنماؤں کی طرف سے سی ای سی کا اجلاس 27 دسمبر سے قبل بلا نے کی تجویز دی گئی ہے۔سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں اسمبلیوں سے استعفیٰ کا معاملہ زیر غور آئیگا، قیادت استعفے کے معاملے پر پارٹی ارکان کے تحفظا ت پر غور کریگی، پیپلز پارٹی کے بعض ارکان اسمبلیوں سے استعفوں کے معاملے پر مخالفت کر رہے ہیں، ان ارکان کا موقف ہے اسمبلیوں سے استعفے پارلیمانی سیاست کی مخا لفت ہے اور پیپلز پارٹی نے ہمیشہ تمام مسائل اسمبلیوں میں حل کئے ہیں۔پیپلز پارٹی نے کبھی غیر پارلیمانی سیاست کی حمایت نہیں کی اورکسی کے دباؤ پر اسمبلیوں سے استعفے دینا درست فیصلہ نہیں ہو گا۔
پیپلز پارٹی