مسیحی برادری کرسمس پر کم سے کم سفر کرے،کوروناایس او پیز جاری
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سنٹر (این سی او سی) نے کرسمس کے لئے ایس او پیز جاری کر دیے ہیں۔ این سی او سی کی جانب سے مسیحی برادری کو ہدایت کی گئی ہے کہ کرسمس کی چھٹیوں کے دوران کم سے کم ضروری سفر کریں اورکرسمس کے دوران سماجی دوروں اور تقریبات میں شرکت سے گریز کرنا چاہئے۔این سی او سی نے کہا ہے کہ کرسمس شاپنگ کو کم سے کم ضروری سامان تک ہی محدود رکھاجائے کیوں کہ تحفے کے روایتی تبادلے سے وائرس پھیلنے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ دوسری لہر کے درمیان بڑے پیمانے پر گھریلو اجتماعات سے پرہیز کریں کیوں کہ کرسمس ٹری ٹرانسمیشن آبجیکٹ کے طور پر کام کرسکتا ہے۔این سی او سی کے مطابق فرش پر پاؤں کے نشان میں کم ازکم 1 میٹر کا فاصلہ ہونا چاہئے، زائرین کو متبادل مبارک باد پر عمل کرنا چاہئے جیسے ہاتھ ہلا کر یا جھک کر سلام کرنا شامل ہے۔یہ بھی کہا گیا ہے کہ چرچ میں کرسمس کی دعا کیلئے داخل ہونے والوں کی تھرمل سکریننگ کا اہتمام کیا جانا چاہئے اورچرچ کے دروازے پر ہینڈ سینیٹائزر کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔باقاعدگی سے کلورین ملے پانی سے صفائی یقینی بنائی جائے،دعا کے دوران ہر شخص کو دوسرے شخص سے کم از کم ایک میٹر کے فاصلے سے بیٹھنا چاہئے اورہر شخص کو سرجیکل ماسک لازمی پہننا چاہئے۔
ایس او پیز جاری