کھوکھر پیلس کی تعمیرات گرانے کیلئے جانیوالی ٹیم کو شدید مزاحمت کا سامنا،آپریشن ملتوی
لاہور(جنرل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)مبینہ سرکاری اراضی پر قائم کھوکھر پیلس کی تعمیرات گرانے کیلئے جانے والی ایل ڈی اے کی ٹیم شدید مزاحمت کے باعث آپریشن کئے بغیر واپس لوٹ گئی، آپریشن کی اطلاع ملتے ہی مرد و خواتین لیگی کارکنان اور کھوکھر برادران کے حمایتی اس جگہ پہنچ گئے اور حکومت اور انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی جبکہ سیف الملوک کھوکھر نے سرکاری اراضی پر قبضہ کے الزامات پر جے آئی ٹی بناکر تحقیقات کی پیشکش اور ٹی وی چینلز پر مناظرے کا چیلنج دیتے کہا ہے کہ مجھے صرف نواز شریف کا ساتھی ہونے کی سزا دی جارہی ہے، میں کل بھی نواز شریف کیساتھ کھڑا تھا، آج بھی کھڑا ہوں اور ساری عمر ساتھ کھڑا رہوں گا۔تفصیلات کے مطابق ایل ڈی اے کے اعلیٰ افسران اور عملہ پولیس کی بھاری نفری اور بھاری مشینری کے ہمراہ مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں سیف الملوک کھوکھر اور افضل کھوکھر کی رہائشگاہ پیلس کھوکھر پہنچ گیا اور راستوں کو ٹرکوں اور مشینری کھڑی کر کے بلاک کر دیا گیا۔ پولیس کی جانب سے کھوکھر پیلس کے دروازے کو بھی ڈبل کیبن ڈالالگا کر بلاک کر دیا گیا۔ کھوکھر پیلس میں آپریشن کی اطلاع ملتے ہی لیگی کارکنان اور کھوکھر برادران کے مرد و خواتین حمایتی موقع پر پہنچ گئے اور حکومت اور انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی،خواتین نے ہاتھوں میں ڈنڈے اٹھا رکھے تھے، اس دوران کئی مظاہرین نعرے بازی کرتے ہوئے آپریشن کے لئے آنے والی مشینری کے اوپر چڑھ گئے اورنعرے لگاتے رہے۔ آپریشن کرنے کے لئے آنے والے افسران اور پولیس افسران نے مشاورت کے بعد آپریشن ملتوی کردیا اور ایل ڈی اے کے افسران عملہ اور پولیس اہلکار واپس روانہ ہو گئے۔ترجمان ایل ڈی اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لئے آپریشن ملتوی کیا۔ با اثر شخصیات کی جانب سے غیر قانونی عمیرات بنائی گئی ہیں اور غیر قانونی قبضہ بھی کیا گیا۔ با اثر افراد نے مقامی لوگوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کیا،قیمتی جانوں کے تحفظ کے لئے آپریشن عارضی طور پر معطل کیا۔قبل ازیں اپنے ویڈیو بیان میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سیف الملوک کھوکھر نے اراضی پر قبضے کے الزام پر جے آئی ٹی تشکیل دے کر تحقیقات کی پیش کرتے ہوئے کہا کہ مجھے صرف نواز شریف کے ساتھ کھڑا ہونے کی سزا دی جارہی ہے لیکن میں نواز شریف کے ساتھ کھڑا تھا اور پوری زندگی کھڑا رہوں گا۔
کھوکھر پیلس آپریشن