کار سرکار میں مداخلت‘محمدصفدر، علی پرویز سمیت ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں توسیع
لاہور(نامہ نگار)سیشن عدالت نے پی ڈی ایم جلسہ کیلئے گوجرانوالہ جاتے ہوئے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی اور کار سرکار میں مداخلت کا کیس میں ملوث کیپٹن (ر)محمدصفدر، علی پرویز ملک اوردیگر ملزموں کی عبوری ضمانتوں میں 16 جنوری تک توسیع کردی ہے،عدالت نے تھانہ شاہدرہ پولیس کو آئندہ پیشی پرمقدمہ کی تفتیش مکمل کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم بھی دیاہے ایڈیشنل سیشن جج محمد آصف نے کیپٹن صفدر و دیگر کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی،گزشتہ روز سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے دامادکیپٹن (ر)محمدصفدر،لیگی رہنماعلی پرویز، رانا مبشر، غزالی سلیم بٹ، کرنل ریٹائرڈ مبشراور ملک ریاض نے عدالت میں اپنی حاضری مکمل کروائی،کیس کی سماعت شروع ہوئی توملزموں کی جانب سے سید فرہاد علی شاہ ایڈووکیٹ نے پیش ہوکر موقف اختیارکیا کہ ملزموں کیخلاف بے بنیاد مقدمہ درج کیا گیا ہے عدالت سے استدعاہے کہ ان کی عبوری ضمانتیں منظور کی جائیں، عدالت نے مذکورہ بالاحکم جاری کرتے ہوئے مزید سماعت آئندہ پیشی تک ملتو ی کردی،عدالتی سماعت کے بعد میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کیپٹن (ر) محمدصفدر نے کہا کہ تمام مقدمات اسی طرح ہیں جس طرح کراچی میں ایف آئی آر درج کی گئی،جھوٹے مقدمات بنائے جا رہے ہیں کسی کو نیب میں پکڑا ہے اور اب اینٹی کرپشن میں مقدمات درج ہو رہے ہیں،نیب اپنی نیک نامی گنوا چکا ہے،اس لئے دوسرے اداروں کے ذریعے کارروائیاں ہو رہی ہیں،انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ لاہور کا جلسہ انتہائی کامیاب تھا۔
،جلسے پر حکومت کے ہلتے ہونٹ نہ دیکھیں،کانپتی ٹانگیں دیکھیں۔