شہبازشریف خاندان کے اثاثے منجمدکرنے کی عملدرآمد رپورٹ طلب
لاہور(نامہ نگار)احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے منی لانڈرنگ کیس میں میاں شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز بیٹے سلیمان شہباز کے اثاثے منجمد کرنے کی عمل درآمد رپورٹ طلب کر لی ہے،عدالت نے شہبازشریف کی بیٹی رابعہ عمران،داماد ہارون یوسف کے اثاثے منجمد کرنے کی عمل درآمد رپورٹ بھی طلب کی ہے عدالت نے ڈی جی نیب لاہور سے آئندہ سماعت پر تمام اشتہاری ملزمان کے اثاثے منجمد کرنے کی رپورٹ طلب کی ہے،علاوہ ازیں عدالت نے منی لانڈرنگ ریفرنس کی گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری کیاہے،جس کے مطابق عدالت نے شہبازشریف خاندان کے خلاف نیب کے گواہ کو آئندہ سماعت پر جرح کے لیے دوبارہ طلب کیاہے،عدالتی تحریری فیصلے میں مزید کہا گیاہے کہ میاں شہبازشریف کے وکلا ء نے مصروفیت کے باعث نیب کے گواہ پر جرح نہیں کی،منی لانڈرنگ ریفرنس پر مزید سماعت 22دسمبربر کو ہوگی۔