نادرا دفاتر میں ہفتہ وار چھٹی کا خاتمہ؟

نادرا دفاتر میں ہفتہ وار چھٹی کا خاتمہ؟

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


شناختی کارڈوں کے حصول میں پیش آنے والی مشکلات کے پیش نظر نادرا دفاتر کی ہفتہ وار چھٹی ختم کر دی گئی ہے، اس کے علاوہ یہ بھی فیصلہ ہوا کہ بیرونِ ملک سفارت خانوں میں بھی نادرا دفاتر بنائے جائیں،وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے وزارت کا چارج سنبھالتے ہی انقلابی نوعیت کے اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔ وہ جب ریلوے کے وزیر بنے تب بھی ابتدا ہی میں ہنگامی طور پر کام نمٹانا شروع کئے تھے اور محکمہ داخلہ کا چارج سنبھال کر بھی ایسا ہی کر رہے ہیں، ان کی طرف سے یہ بھی اعلان کیا گیا کہ جن افراد کی عمر بڑھی اور وہ پہلی مرتبہ شناختی کارڈ بنوانے جائیں گے تو ان سے نہ صرف یہ کہ فیس نہیں لی جائے گی، بلکہ نادرا یہ پہلا کارڈ پندرہ روز کے اندر تیار کر کے مذکورہ فرد کے حوالے کرے گا، وزیر داخلہ کی حیثیت سے یہ دونوں اقدام ان کی طرف سے کئے گئے، تاہم یہ امر محل نظر ہے کہ نادرا دفاتر کی ہفتہ وار رخصت ختم کر دی جائے۔ قانون و قواعد کے مطابق ہفتہ وار رخصت لازمی ہے کہ اس سے کارکن نفسیاتی دباؤ سے نکلتا ہے۔یوں بھی نادرا دفاتر پر آنے والوں کی تعداد زیادہ ہوتی ہے اور کارکن مصروف رہتے ہیں۔شیخ رشید کو اپنے احکام اور اقدامات پر غور کرنا چاہئے وہ ایسے احکام نہ جاری کریں جو نہ صرف خلاف قاعدہ، بلکہ کارکنوں کے لئے بھی پریشانی کا باعث ہوں اور وہ احتجاج پر مجبور ہوں۔

مزید :

رائے -اداریہ -