پی آئی سی ڈاکٹرز کی پرائیویٹ پر یکٹس پر مکمل پابندی لگانے کی تجویز: خلاف ورزی پر سخت کارروائی ہوگی
لاہور(جنرل رپورٹر) پی آئی سی ڈاکٹرز کی اسپتال سے باہر پرائیوٹ پریکٹس کرنے پر مکمل پابندی لگانے کی تجویز دی گئی اور کہا گیا ہے کہ جو ڈاکٹر اسپتال کے باہر کوئی پروسیجر کریں گے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ تفصیلات کے مطابق مشیر وزیر اعلی پنجاب حنیف پتافی نے پی آئی سی کا اچانک دورہ کیا اور دورے کے دوران اسپتال کے متعدد مسائل کا پول کھول دیا۔ دورے کی رپورٹ وزیر اعلی پنجاب کو ارسال کر دی گئی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایمرجنسی وارڈ میں استقبالیہ پر عملہ کم ہونے کے باعث مریضوں کو طویل انتظار کا سامنا ہے، اسپتال کو 13پروفیسرز، ایسوسی ایٹ پروفیسرز اور رجسٹرارز کی کمی کا سامنا ہے، اسپتال کی ایک سی ٹی سکین مشین خراب اور زائد المعیاد ہو چکی ہے جبکہ اسپتال کو ایک اور سی ٹی سکین مشین کی ضرورت ہے۔ چیف ایگزیکٹو پی آئی سی نے کہا متعدد ڈاکٹرز کا خیال ہے کہ باہر پریکٹس کرنے پر پابندی نہیں ہے، ڈاکٹرز کو ہدایات کی جا رہی ہیں کہ کہ کوئی ڈاکٹر اسپتال سے باہر پروسیجر نہ کرے۔ ڈاکٹر ثاقب شفیع کا کہنا تھا کہ سی ٹی سکین مشین ایک بہت پرانی ہو چکی ہے، اس مشین کو بدلنے کے لئے کمپنی سے بات چیت چل رہی ہے، ایمرجنسی میں لمبی لائن مریضوں کے لواحقین کی ہوتی ہے، جگہ جگہ لکھ کر بھی لگا چکے ہیں کہ ایک مریض کے ساتھ ایک ہی اٹینڈنٹ آئے۔