اقوام متحدہ کی گاڑی پر بھارتی فائرنگ قابل مذمت ہے،جاوید قصوری
لاہور (نمائندہ خصوصی)امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ کنٹرول لائن پر اقوام متحدہ کی گاڑی پر بھارتی فائرنگ انتہائی قابل مذمت ہے۔ اقوام متحدہ اور عالمی برادری اس واقعے کا فوری نوٹس لے۔ واضح ہوگیا ہے کہ بھارت پر تشدد کارروائیوں کے ذریعے بدترین جارحیت کا ارتکاب کررہا ہے۔ نریندر مودی اندرونی حالا ت سے توجہ ہٹانے کے لیے خطرناک کھیل میں مصروف ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف تقریبات سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت بے نقاب ہوچکی ہے۔ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے بھارت کو چودھراہٹ قائم کرنے کا خواب ترک کرنا ہوگا۔ عالمی برادری کے سامنے حقیقت آشکار ہوگئی ہے۔طاقت کا توازن بگاڑنے سے بھارت کو نہ روکا گیا تو حالات مزید خراب ہوسکتے ہیں جبکہ سرجیکل سٹرائیک کا خدشہ اپنی جگہ موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم اپنی انتہا کو پہنچ چکے ہیں۔ہندوستان کی جانب سے وادی میں کرفیو کو لگائے500 دن بیت گئے مگر المیہ یہ ہے کہ اس حوالے سے بیرونی دنیا، انسانیت کے علمبر دار ممالک، این جی اوز کا کردار انتہائی شرمناک رہا ہے۔ وادی میں انٹرنیٹ بندش سے طلبہ سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔
،پوری وادی کو سنگین قسم کا معاشری و اقتصادی بحران کا سامنے کرنا پڑرہا ہے۔ حالات دن بدن خراب سے خراب تر ہوتے چلے جارہے ہیں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہندوستان کو اسی کی زبان میں جواب دیا جائے۔ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت بھارت چند شر پسند ممالک کے ساتھ مل کر پاک چین اقتصادی راہداری کو ناکام بنانا چاہتا ہے۔ اس کا یہ خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہ ہوگا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت پاکستان بھارت چالوں کو پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کرے اور گھناؤنے چہرے کو سامنے لایا جائے۔