نشتر ہسپتال،کرونا سے 2ہلاکتیں،ایس او پیز کی خلاف ورزی پر متعدد دکانیں،ہوٹل سیل
ملتان‘ ڈیرہ‘ بہاولپور‘ کوٹ ادو (وقائع نگار‘ سٹی رپورٹر‘ ڈسٹرکٹ رپورٹر‘ تحصیل رپورٹر) نشتر ہسپتال ملتان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا میں مبتلا 2 مزید مریض جاں بحق ہوگئے ہیں‘ زیر علاج مریضوں کی تعداد 48 ہو گئی،22 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ تفصیل کے مطابق فوکل پرسن نشتر ہسپتال ڈاکٹر عرفان ارشد کے مطابق نشتر ہسپتال کے آئی سو لیشن وارڈز میں زیر علاج خانیوال کے رہائشی 50(بقیہ نمبر1صفحہ 6پر)
سالہ محمد رفیق اور 60 سالہ ذوالفقار علی نے دم توڑ دیا، جبکہ نشتر ہسپتال میں زیر علاج کورونا کہ مریضوں کی تعداد 48 ہو گئی ہے جن میں سے 33 مریضوں کا تعلق ملتان سے ہے جبکہ 22 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے اور 02 مریضوں کا وینٹی لیٹر پر منتقل کر کے علاج جاری ہے،ادھر کورونا کے شبہ میں 25 مریض زیر علاج ہیں جن کی رپورٹس کا انتظار ہے،ادھر رواں سال نشتر ہسپتال میں کورونا کے شبہ میں 3 ہزار 443 افراد رپورٹ ہوئے جن میں سے 1 ہزار 310 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔ ضلع ڈیرہ غازیخان میں کورونا وائرس کی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے کوٹ چھٹہ میں مزید تین دکانیں سربمہر کر دی گئیں. اسسٹنٹ کمشنر کوٹ چھٹہ محمد اسد چانڈیہ نے مارکیٹوں کے معائنہ کے دوران ناجائز منافع خوری پر پانچ ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا.انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی زیر نگرانی ضلع میں کورونا وائرس کی ایس او پیز پر عملدرآمد اور مارکیٹوں میں سرکاری نرخوں پر اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر مظفر خان سیال کی ہدایت پر کورونا وائرس (COVID-19) ایس او پیزپر عملدرآمد کے لیے ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز اورمحکمہ صحت کی ٹیمیں فیلڈ میں فعال ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی عزمان چوہدری نے بہاول پور تحصیل سٹی میں کورونا وائرس ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے مانیٹرنگ جاری رکھی ہوئی ہے۔ انہوں نے 2 دسمبر2020ء سے17 دسمبر 2020 ء کے دوران مختلف دکانوں، مارکیٹس اور شاپنگ مال پر جا کر کورونا وائرس ایس او پیز کا معائنہ کیا۔ اس دوران 4مقامات پر خلاف ورزی پائی گئی۔ انہوں نے موقع پر ہی مجموعی طور پر 16500/- روپے جرمانہ عائد کیا۔اسی طرح ریستورانت، کیفے اور ہوٹل میں جا کر کورونا ایس او پیز کا معائنہ کیا جہاں 9 مقامات پر خلاف ورزی پائی گئی۔ اسسٹنٹ کمشنرسٹی نے موقع پر ہی55000/- روپے جرمانہ کیا اور 5ریستورانت، کیفے اور ہوٹل سربمہر کردیے جبکہ شادی ہال کے معائنہ کے دوران ایک جگہ پر کورونا وائرس ایس او پیز کی خلاف ورزی پانے پر 15000 روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ کورونا وائرس ایس او پیز پر عملدرآمد کامعائنہ کرنے کے لیے اسسٹنٹ کمشنر سٹی نے بس ویگن سٹینڈ کا دورہ کیا جہاں اس دوران12مقامات پر خلاف ورزی پائی گئی جس پر انہوں نے مجموعی طور پر4000/-روپے جرمانہ کیا اور 5گاڑیاں متعلقہ تھانوں میں بند کردیں۔ ملک بھر میں کرونا وائرس کی بڑھتی ہوئی وباء کے خطرہ کے پیش نظر حکومت کی جانب سے حکومتی اقدامات کے باوجود ایس ا و پیز پر عملدرآمد نہ کرنے والے دکانداروں کے خلاف کاروائی کا آغاز کردیا ہے، گزشتہ روز پولیس چوک سرور شہید نے کارروائی کے دوران دوکانوں میں رش لگانے اور ماسک کا استعمال نہ کرنے پر 4 دکانوں اشفاق پنسار سٹور، دانش پنسار سٹور،جاوید کریانہ سٹور اور حافظ پنسار سٹور پر چھاپے مارے اور دکانداروں غلام بھٹی، عطااللہ عوان،سمیر جاوید آرائیں اور اشرف کھوسہ کو گرفتار کرکے ان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر لئے۔
