صوبے میں غیر معیاری خوراک فراہم کرنے والوں کیلئے کوئی جگہ نہیں: اکبر ایوب
پشاور(سٹی رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات اکبر ایوب نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے صوبے میں معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا۔ ابتدائی طور پر اس اتھارٹی کا آغاز سات ڈویژنل ہیڈ کورٹرز سے کیا گیا جو اب مزید پندرہ اضلاع تک پہنچا دیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے ہری پور میں فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے آفس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر بلدیات اکبر ایوب کا کہنا تھا کہ فوڈ سیفٹی اتھارٹی سے قبل صوبے میں خوراک سے وابستہ کاروباروں کا معیار دیکھنے کے لئے کوئی باقاعدہ نظام موجود نہیں تھا، جہاں فوڈ سائنس کے شعبے سے منسلک ماہراین خوارک کے معیار کو جانچ سکیں، تاہم فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے قیام سے اب عوام کو معیاری خوراک کی فراہمی ممکن ہوسکے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں غیر معیاری خوراک فراہم کرنے والوں کے لئے کوئی جگہ نہیں، خوراک کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا، اور ملاوٹ مافیا کو نشانہ غربت بنایا جائیگا۔ اکبر ایوب کا کہنا تھا کہ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کا دائرہ کار ہری پور تک بڑھانے کی اشد ضرورت تھی، جو موجودہ حکومت میں ممکن ہوچکی ہے۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے افتتاحی تقریب میں آل ٹریڈ ی ایسوسی ایشن ہری پور، حطار چیمبر آف کامرس سمیت مختلف مکتب فکر سے تعلق رکھنے والے مہمانوں نے شرکت کی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر فوڈ سیفٹی اتھارٹی طاہر حبیب نے صوبائی وزیر کا شکریہ ادا کیا، اور کہا کہ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کا عزم صحت عامہ کا تحفظ ہے، جس کو یقینی بنانے کے لئے ملاوٹ مافیا کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ جاری رہیگا۔ تقریب میں فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر ایبٹ آباد ڈویژن مسٹر ارشاد عباسی، اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیگل مسٹر مبشر نے عوام کو یقین دہانی کرائی کہ فوڈ سیفٹی اتھارٹی معیاری خوراک صحت مند عوام کے مشن حاصل کرنے کے لئے بھر پور طریقے سے کوشاں ہے۔