لانگ مارچ اور استعفے گیڈر بھبھکیوں کے سوا کچھ نہیں: پی ٹی آئی سنٹرل پنجاب

لاہور (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات رانا اختر حسین نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے ناکام جلسوں کے بعد اب اجلاسوں اور پریس کانفرنسوں سے حکومت کوکوئی فرق نہیں پڑے گا، لانگ مارچ اور استعفے گیڈر بھبھکیوں کے سوا کچھ نہیں۔انہوں نے کہاکہ عوام ان کی کسی بات پر کان دھرنے کو تیار نہیں ہیں، مریم صفدر، بلاول زرداری اور مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن کو بند گلی میں پہنچا دیا ہے۔
اتوار کے روزپارٹی آفس میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے رانا اختر حسین نے کہاکہ تحریک انصاف نے عوام سے لوٹ مار کرنیوالوں کو ان کے منطقی انجام تک پہچانے کا وعدہ کیا اوراس کوپورا کررہے ہیں ۔ وزیراعظم عمران خان ملک کو بحرانوں سے نکال رہے ہیں،آج ملک میں معیشت سمیت دیگر تمام مسائل میں روز بروز بہتری آرہی ہے اس لیے یہ روڑے اٹکا رہے ہیں، عوام پی ٹی آئی کے عوام دوست منصوبوں سے خوش ہیں اور حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔