”جس کا دل چاہتا ہے لانگ مارچ کرے،ہم استقبال کے لیے تیار ہیں “ شیخ رشید کا اپوزیشن کو پیغام

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ جس کا دل چاہتا ہے آ جائے لانگ مارچ کرے، ہم استقبال کے لیے تیار ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جنہوں نے استعفے فروری میں دینے ہیں وہ کل دے دیں ، اپنا شوق پورا کریں، وزیر اعظم پانچ سال پورے کریں گے، عمران خان قوم کو آگے لے کر جائے گا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں تین کے سوا تمام چیک پوسٹیں ختم کردی ہیں،23 دسمبر کو وزیر اعظم فنڈ دیں گے تو تمام چیک پوسٹیں ختم کر دیں گے۔ تمام تحصیلوں میں شناختی کارڈ دفتر کھولے جائیں گے جو تحصیلیں رہ گئی ہیں وہاں ہر ہفتے ایک دفتر کھولیں گے۔انہوں نے کہا کہ دس ملکوں میں شناختی اور پاسپورٹ کا انتظام ہے ساری دنیا میں وزارت خارجہ سے مل کر شناختی کارڈ اور پاسپورٹ جاری کرنے کا نظام بہتر بنائیں گے اور مزید دفاتر کھولیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے مجھ پر اعتماد کیا ہے،100 دن میں وزارت داخلہ میں تبدیلی ہوگی۔ امیگریشن۔نادرا۔پاسپورٹ ایف آئی اے تمام ادارے قوم کی خدمت کے لیے ہوں گے۔