سیاسی جماعتیں سینیٹ الیکشن میں شو آف ہینڈ کی مخالفت کیوں کر رہی ہیں؟میاں محمود الرشید نے ایسی توجیہ پیش کردی کہ اپوزیشن سر پکڑ لے
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر ہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ پنجاب میا ں محمود الرشید نے کہاہے کہ سینیٹ انتخابات میں اصلاحات کے نتیجے میں سیاسی عمل سے ہارس ٹریڈنگ کا خاتمہ ہوگا،شو آف ہینڈز کے طریقہ کار سے سیاسی عمل کو شفاف بنانے میں مدد ملے گی لیکن بعض سیاسی جماعتو ں کی طرف سے اس کی مخالفت سمجھ سے بالاتر ہے ۔
اپنے ایک بیان میں میاں محمود الرشید نے کہاکہ یہ انتخابی اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہیں،بعض سیاسی جماعتوں کا مخالفت برائے مخالفت کا رویہ جمہوری اورسیاسی طرز عمل کے منافی ہے،ایسا کرکے وہ ملک اور جمہوریت کی کوئی خدمت نہیں کررہیں بلکہ ایک گلے سڑے نظام کے تسلسل کو آگے بڑھانا چاہتی ہیں ۔میاں محمود الرشید نے کہاکہ تحریک انصاف سیاسی نظام میں بہتری کیلئے کوشاں ہے اور سینیٹ انتخابات کی ان سفارشات سے سیاسی عمل کی بہت سی پیچیدگیوں خصوصا ہارس ٹریڈنگ اور دیگر منفی رجحانات کی حوصلہ شکنی ہوگی ۔انہو ں نے کہاکہ جمہوری اور سیاسی سوچ کا تقاضا ہے کہ جماعتی مفاد سے بالاتر ہوکر ان اصلاحات کی حمایت کی جائے تاکہ سیاسی عمل کو شفاف بنایاجاسکے،سیاسی گندگی کی صفائی کے ذریعے ہی ملک میں جمہوری روایات اور صحت مند رویوں کا فروغ ممکن ہے ۔
