جو ویکسین ٹرائل میں ہے وہ اگلے تین ماہ میں دستیاب ہوگی: ڈاکٹر عطاءالرحمان

اسلام آباد( ڈیلی پاکستان آن لائن) چیئرمین کورونا ٹاسک فورس ڈاکٹر عطاء الرحمان کا کہنا ہے کہ امید ہے جس ویکسین کے ٹرائلز کیے جارہے ہیں وہ اگلے تین ماہ میں دستیاب ہوگی۔
چیئرمین کورونا ٹاسک فورس ڈاکٹر عطاء الرحمان نے نجی ٹی وی 92 نیوز کے پروگرام میں گفتگوکرتےہوئے کہا ہے کہ ابھی تک جتنی بھی ویکسین آئی ہے اس کا 90 فیصد کے قریب رزلٹ آرہا ہے، جس کا مطلب ہے کہ ویکسین لگانے کے بعد بھی کورونا سے متاثر ہونے کے خطرات رہتےہیں۔
ڈاکٹر عطاء الرحمان نے امید ظاہرکی ہے کہ امید ہے کہ ہم لوگ جس ویکسین کے ٹرائلز کررہے ہیں وہ اگلے تین ماہ میں دستیاب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس ویکسین کی دو ڈوز کی ضرورت پڑے گی ، تمام آبادی کے محفوظ ہونےمیں ابھی وقت لگے گا۔ ان کا مزید کہنا تھاکہ جتنے پیسے مختص کیے گئے ہیں اس سے زیادہ مزید پیسوں کی ضرورت پڑے گی۔
دوسری جانب اسی پروگرام میں گفتگوکرتےہوئے ماہر وبائی امراض ڈاکٹر مختار نے کہا کہ دسمبر کے پہلے ہفتے تک 200کے قریب ویکسینز رجسٹرڈ ہو چکی تھیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بھی کین سائنو ویکسین کے کلینکل ٹرائلز ہورہے ہیں لیکن اب ہمیں پاکستان میں ہی ویکسین بنانے کی طرف جانا چاہیے۔
ڈاکٹر مختار کا مزید کہنا تھاکہ چین کی ویکسین فائزر اور موڈرینا ویکسین سے بالکل مختلف ہے۔ چینی ویکسین اثر دکھانے میں فائزر اور موڈرینا سے زیادہ وقت لےگی۔