"اب وہ ہم سے مدد مانگ رہے ہیں، میں نے کہا پہلے تم کرو اس کی چھٹی پھر کرو ہم سے بات" آصف زرداری کھل کر بول پڑے

"اب وہ ہم سے مدد مانگ رہے ہیں، میں نے کہا پہلے تم کرو اس کی چھٹی پھر کرو ہم سے ...
سورس: File Photo

  

نواب شاہ (ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق صدر آصف علی  زرداری نے کہا ہے کہ "مجھے آنے والی نسلوں کا سوچنا ہے، آج بھی بھٹو صاحب اور بی بی بے نظیر مجھ سےبات کرتی ہیں،پیپلز پارٹی کےلئےکوئی مسئلہ نہیں،اُن کےلئےمسئلے ہیں،اب عالم یہ ہےکہ’وہ ‘فرماتےہیں کہ آکرہماری مددکریں،کوئی طریقہ بتائیں، فارمولہ بنائیں،میں نے کہا کوئی فارمولہ وارمولہ نہیں،تم نے فارمولے بنا بنا کرملک کا خانہ خراب کردیا، جواب یہ ہے، اب تم کرو اس کی چھٹی، پھر کرو ہم سے بات۔"

نجی ٹی وی کے مطابق نواب شاہ میں ایک  ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ مجھے فکر ہے کہ آنے والے 15سالوں میں کیا ہوگا  ؟ ہم نے قربانیاں دیں اور سیاست سے رشتہ جوڑا، میں پہلے دن سے کہہ رہا ہوں کہ ملک میں نیب چلے گی تو حکومت نہیں چلے گی، اب یہ نیب چلا رہے ہیں، حکومت نہیں چلا رہے،، آج ڈالر کہاں سے کہاں پہنچ چکا ہے؟ ضرورت ہی نہیں تھی ڈیویلویشن کرنے کی، یہ ڈی ولیوی ایشن کرنے والے جاہل ہیں،یہ جتنے بھی باہرسے آتے ہیں جاہل ہیں، ان کوسمجھ نہیں آئی اورہمارا قرض ڈبل ہوگیا ہے،ہمارے ملک کا قرضہ 30 ارب تھا جو آج بڑھ کر 60 ارب تک ہوگیا ہے، ان کے اپنے سیکرٹریز کسی بھی معاہدے پر سائن کرنے پر تیار نہیں ہیں، اب تو نیب میں ریلیکسیشن دی جا رہی ہے لیکن جو نقصان ہونا تھا وہ تو ہو گیا۔

آصف زرداری نے کہا کہ میں نے کل ڈیڑھ سال بعد نواب شاہ شہر کا دور کیا، اس ڈیڑھ سال کے کچھ عرصہ جیل میں رہنے کا بھی تھا، میں دعا کرتا ہوں کہ اللہ ہم سب کو ایمان دے، ہم سب مل کر ملک کو مسائل سے نکالیں گے۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -