آئی ٹی گریجوایٹس اور ہنرمندافرادی قوت کو تیار کرناناگزیر ، صدر عارف علوی
اسلام آباد (این این آئی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک میں فاصلاتی اور آن لائن نظام تعلیم کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ دور کے تقاضوں کے مطابق آئی ٹی گریجویٹس اور ہنر مند افرادی قوت کو تیار کرنا ناگزیر ہے، معاشرہ تعلیم یافتہ نوجوانوں اور خواتین کو ان کی اہلیت کے مطابق کام کرنے کا موقع فراہم کرے۔ وہ منگل کو یہاں ورچوئل یونیورسٹی کے 13 ویں کانووکیشن سے خطاب کررہے تھے۔ صدر مملکت کہا کہ یونیورسٹیوں کو آن لائن تعلیم کی فراہمی کو اپنی ترجیحات میں شامل کرنا چاہئے، طلبا کو جدید ٹیکنالوجی میں تعلیم کی فراہمی کے لئے آن لائن ایجوکیشن کو بڑھانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کی جانب توجہ مرکوز کرنے کے نتیجے میں غربت کم اور صحت کی صورتحال بہتر ہوگی۔ صدر مملکت نے یونیورسٹی کے فارغ التحصیل طلبا سے کہا کہ وہ معاشرے میں اپنے مثبت کردار کے ذریعے ملک کے بہتر مستقبل اور خوشحالی کےلئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہر شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کی تیز رفتار ترقی کو مدنظر رکھتے ہوئے موجودہ حالات میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم اہمیت کی حامل ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ معاشرے میں اچھی اقدار اور اخلاقیات کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، تعلیم کے میدان میں طلبا اور خواتین کو یکساں مواقع فراہم کئے جائیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم یافتہ آئی ٹی گریجویٹس کو موجودہ اور مستقبل کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے تیار کرنا چاہئے۔ انہوں نے معاشرے کو باشعور بنانے پر زور دیا تاکہ وہ تعلیم یافتہ نوجوانوں اور خواتین کو ان کی صلاحیتوں کے مطابق کام کرنے میں مدد کرنے کے مواقع پیدا کریں۔ صدر مملکت نے طلبا اور معاشرے میں اخلاقیات، ہمدردی، درگزر اور برداشت کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے میدان میں ترقی کرکے پاکستان اقتصادی اور سماجی طور پر ترقی کرے گا۔
صدر مملکت