توشہ خانہ ریفرنس، جیولری سیٹ کی قیمت کا تخمینہ لگانے والا وعدہ معاف گواہ بن گیا
اسلام آباد (ویب ڈیسک) قومی احتساب بیورو (نیب) کے توشہ خانہ ریفرنس میں پاکستان تحریک انصاف کے سابق چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف جیولری سیٹ کی قیمت کا تخمینہ لگانے والے صہیب عباسی وعدہ معاف گواہ بن گئے۔
جیو نیوز کے مطابق قومی احتساب بیورو نے بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور ان کی تیسری اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف احتساب عدالت میں توشہ خانہ ریفرنس دائر کردیا ہے۔نیب ریفرنس کے مطابق وزارت عظمیٰ کے دوران عمران خان اور بشریٰ بی بی کو 108 تحائف ملے۔ انہوں نے 58 تحائف کم مالیت ظاہر کر کے 14 کروڑ روپے میں اپنے پاس رکھ لیے اور ملزمان توشہ خانہ قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ۔
ذرائع کے مطابق اس کیس میں جیولری سیٹ کی قیمت کا تخمینہ لگانے والے صہیب عباسی وعدہ معاف گواہ بن گئے۔وعدہ معاف گواہ نے بیان ریکارڈ کروایا کہ دباؤ میں آکر جیولری سیٹ کی کم قیمت لگائی۔ صہیب عباسی کی خدمات پرائیوٹ طور پر لی گئیں تھیں۔