چیئرمین جوائنٹ چیفس جنرل ساحر شمشاد کا دورہ اردن، شاندار خدمات پر اردن کا ’’ آرڈر آف سٹار‘‘ عطا کیا گیا
راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن)چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا کو شانداز خدمات کے اعتراف میں اردن کا ’’آرڈر آف سٹار‘‘ عطا کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے دورہ اردن کے دوران شاہ عبداللہ دوئم بن ال حسین سے ملاقات کی،ملاقات میں باہمی تعلقات اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر گفتگو ہوئی، ملاقات میں عسکری، سیاسی اور سفارتی سطح پر تعاون سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شاہ عبداللہ نے جنرل ساحر شمشاد کو شاندار خدمات کے اعتراف میں اردن کا ’’ آرڈر آف سٹار‘‘ عطا کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق جنرل ساحر شمشادنے چیئرمین جوائنٹ آف چیفس آف سٹاف میجر جنرل یوسف احمد سے ملاقات کی، اس کے علاوہ جنرل ساحر شمشاد نے اردن کی رائل ایئرفورس کے بریگیڈیئر جنرل محمد حائست سے بھی ملاقات کی۔