آئی پی ایل ، پان کا ٹھیلا لگانے والے کے بیٹے راجستھان رائلز کے شبھم ڈوبے کی کہانی سامنے آگئی
ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) آئی پی ایل آکشن میں راجستھان رائلز نے شبھم ڈوبے کو 5.8کروڑ روپے کی کامیاب بولی لگا کر خرید لیا۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق شبھم ڈوبے ایک غریب پس منظر سے آئے ہیں۔ ان کے والد پان کا ٹھیلا لگاتے تھے۔ ان کے مالی حالات کی تلخی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ شبھم ڈوبے کے پاس کرکٹ کھیلنے کے لیے دستانے خریدنے کے پیسے بھی نہیں ہوا کرتے تھے۔
شبھم ڈوبے کے والد بدری پرساد شہر کے کمال سکوائر میں پان کا ٹھیلا لگاتے تھے، اور اس ٹھیلے کی آمدنی پر ہی گھر کی گزربسر ہوتی تھی۔ 5.8کروڑ روپے میں راجستھان رائلز کے ساتھ معاہدہ طے پانے پر شبھم ڈوبے کا کہنا تھا کہ ”مجھے یہ بات ایک خواب سی لگ رہی ہے۔ یقین نہیں ہو رہا کہ میرا راجستھان رائلز کے ساتھ اتنی بڑی رقم کے عوض معاہدہ طے پا گیا ہے۔ “
شبھم ڈوبے کا کہنا تھا کہ ”میں نے سید مشتاق علی ٹرافی میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا، چنانچہ مجھے امید تھی کہ مجھے آئی پی ایل آکشن میں کوئی فرنچائز خرید لے گی لیکن سچ کہوں تو میں اتنی بڑی رقم کی توقع نہیں کر رہا تھا۔ “ شبھم ڈوبے بائیں بازو سے کھیلنے والے بہترین بلے باز ہیں۔ انہوں نے سید مشتاق علی ٹرافی کے 7میچز میں 222رنز بنائے تھے۔