پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما کو رہا کردیا گیا
صوابی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو رہا کر دیا گیا۔
اسد قیصر کو8 دسمبر کو تین ایم پی او کے تحت گرفتارکیا گیا تھا، سابق سپیکر قومی اسمبلی کو 9 مئی کو مردان اور چارسدہ میں درج مقدمات میں پہلے ہی ضمانت مل چکی ہے۔
خیال رہے کہ آج ہی ڈپٹی کمشنرصوابی نے عدالتی حکم پر سابق سپیکر اسد قیصر کے خلاف تھری ایم پی او واپس لے لیا تھا۔پشاور ہائیکورٹ میں اسد قیصر کی تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری پر سماعت ہوئی، جس کے بعد ڈپٹی کمشنر صوابی نے تھری ایم پی او واپس لینے کا حکم نامہ جاری کردیا۔ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری حکم نامے میں کہا گیا کہ اسد قیصر کو تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کیا تھا۔حکم نامے کے مطابق ملزم امن و امان میں خلل نہیں ڈالیں گے،اسد قیصر صوبائی حکومت کی جانب سے سیاسی ایس او پیز پر عمل درآمد کے پابند ہوں گے، ملزم اداروں کے خلاف مہم اور نعرے بھی نہیں لگائیں گے۔ڈپٹی کمشنر نے حکم نامے میں لکھا کہ ملزم اسد قیصر ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرائیں گے، اگر دوسرے کیسز میں مطلوب نہ ہوں تو ملزم کو مردان جیل سے رہا کیا جائے۔