زرمبادلہ بھجوانے والے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق بھی ملنا چاہیے، سروے

زرمبادلہ بھجوانے والے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق بھی ملنا چاہیے، سروے
زرمبادلہ بھجوانے والے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق بھی ملنا چاہیے، سروے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (محمد نواز سنگرا/ الیکشن سیل)جب زرمبادلہ بھیجتے ہیں تو اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق بھی ملنا چاہیے، ووٹ ڈالنا اور مخلص وایماندار قیادت کا چناﺅ ہر پاکستانی کا فریضہ ہی نہیں حق بھی ہے اور یہ حق انہیں ملنا چاہیے اور بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں میں پولنگ سٹیشن ہونے چاہیے۔ ان خیالات کا اظہارلاہور کے شہریوں نے ”روزنامہ پاکستان“ کی طرف سے کئے گئے عوامی سروے میں اکثر شہریوں نے کہا جب وہ زرمبادلہ پاکستان میں بھیجتے ہیں تو ان کو ووٹ کا بھی حق ہونا چاہیے جبکہ چند لوگوں کا کہنا تھا کہ باہر بیٹھے لوگوں کو اندرونی حقیقتوں کا علم نہیں تو ووٹ کا حق بھی نہیں دینا چاہیے۔ شہزاد نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہیں ملنا چاہیے باہر بیٹھے لوگوں کو اندرونی حالات کا پتہ بالکل بھی نہیں وہ لوگ گیس، بجلی اور کرپشن جیسے مسائل سے ناواقف ہیں۔ یورپ اور عرب امارات میں بیٹھ کر سکون کی زندگی بسر کررہے ہیں اور میڈیا پر چلنے والے لوگ ہیں وہ ووٹ کا صحیح استعمال نہیں کرسکتے۔ محمد طارق نے کہا کہ پاکستانی نیشنل ہونے کی بنا پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ہونا چاہیے جو لوگ روزی کمانے کیلئے بیرون ملک ہیں ان سے قومی حقوق تو نہیں چھیننے چاہیں جب ان کی پہچان پاکستان ہے تو ووٹ کا حق بھی ہونا چاہیے۔ وقاص نے بتایا اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملنا چاہیے تاکہ باہر بیٹھے لوگ بھی ووٹ کے ذریعے ملکی تبدیلی میں حصہ لے سکیں۔ آفتاب نے بتایا بالکل ووٹ ڈالنے کا حق ملنا چاہیے کیونکہ وہ پاکستانی ہیں الیکشن کمیشن کو ایک لائحہ عمل بنانا چاہیے جس کے ذریعے بیرون ملک الیکشن کو شفاف بنایا جاسکے۔ ظفر اقبال نے بتایا کہ اگر دوسرے ملک کی شہریت لے رکھی ہے تو ان کو ووٹ کا حق نہیں ملنا چاہیے کیونکہ وہ برائے نام پاکستان کے شہری ہیں اصل میں وہ وہاں پر مکمل طور پر شفٹ ہوچکے ہیں اور اگر ان کی فیملیز یہاں ہیں اور روزی کمانے کی غرض سے دوسرے ملک رہتے ہیں تو ان کو ووٹ کا حق ہونا چاہیے ووٹ امانت ہے اور بیرون ملک پاکستانیوں کو ایمانداری سے ووٹ کاسٹ کرنے چاہئیں۔ ڈاکٹر عثمان نے کہا بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کاسٹ کرنے کا حق ملنا چاہیے انہوں نے کہا کہ یہ ہر ملک میں ہوتا ہے جو امریکن نیشنل دبئی میں مقیم ہیں وہ بھی میل کے ذریعے ووٹ کاسٹ ہیں۔ ڈاکٹر رضوان کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ ڈالنے کا حق ملنا چاہیے وہ یہاں کے شہری ہیں یہاں زرمبادلہ بھیج رہے ہیں جب وہ لوگ سالانہ 15 ارب ڈالر ٹرانزکشن ٹیکس ادا کرتے ہیں تو ووٹ کا حق کیوں نہیںہونا چاہیے۔ اللہ رکھا نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ہونا چاہیے ان کا کہنا تھا کہ دہری شہریت کی بنا پر رکن اسمبلی نہیں ہونا چاہیے جب زرمبادلہ بھیج رہے ہیں تو ووٹ کا حق بھی ہونا چاہیے۔ سلیمان نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہیں ہونا چاہیے جو لوگ یہاں سے چلے گئے ہیں وہ پاکستان کے بارے برا بھلا بولتے ہیں، کہتے ہیں یہاں گند ہے اور مغرب کی تعریفیں کررہے ہوتے ہیں وہ لوگ ووٹ کا صحیح استعمال کیسے کریں گے لہٰذا ان کو ووٹ کا حق نہیں ہونا چاہیے۔