صنعتکار، سرمایہ کار اور تاجر برادری ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں

صنعتکار، سرمایہ کار اور تاجر برادری ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں

  

کراچی (اکنامک رپورٹر) کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے کہا ہے کہ حکومت صنعتکاروں، تاجروں اور سرمایہ کاروں کے مسائل اور مشکلات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے کوشاں ہے اور اس سلسلے میں ہر ممکن اقدامات کرنے کیلئے اپنے تمام ذرائع اور وسائل استعمال کر رہی ہے تاکہ بزنس کمیونٹی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کر کے تجارتی، کاروباری اور صنعتی سرگرمیوں میں اضافہ کیا جا سکے۔

، حکومت کی ہدایت پر کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی کی سربراہی میں ایک 10 رکنی لائیژن کمیٹی قائم کی گئی ہے جس میں کمشنر کراچی کے علاوہ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کراچی، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو کمشنر آفس، ایف پی سی سی آئی کے صدر ذکریا عثمان، سینئر نائب صدر شوکت احمد، نائب صدر خرم سعید، نائب صدر اسماعیل ستار، نائب صدر مظہر علی ناصر، چیئرمین (ایس سی) لائژن وتھ گورنمنٹ محمد شیراز اور سیکریٹری جنرل/سی ای او ایم اے لودھی شامل ہیں۔ کمشنر کراچی نے کہا کہ حکومت کی ہدایت پر قائم 10 رکنی لائژن کمیٹی بزنس کمیونٹی کو نہ صرف سہولیات فراہم کرے گی بلکہ مسائل کو حل کرنے کے سلسلے میں اپنا بھرپور کردار بھی ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی کا اجلاس ہر ماہ منعقد ہو گا اور کمیٹی کے تمام ممبران ایک دوسرے سے رابطے میں بھی رہےں گے۔ شعیب احمد صدیقی نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی ملکی صنعتکاروں کی سب سے بڑی اور فعال نمائندہ باڈی ہے اور ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، حکومت نہ صرف ایف پی سی سی آئی بلکہ تمام صنعتکاروں، سرمایہ کاروں اور تاجروں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے کیونکہ یہ نہ صرف ملکی معیشت کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہےں بلکہ بہت بڑی تعداد میں لوگوں کو روزگار فراہم کر کے حکومت کا ہاتھ بھی بٹا رہے ہیں اور بے روزگاروں کو ملازمت کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ شعیب احمد صدیقی نے کہا کہ صنعت کار، سرمایہ کار اور تاجر برادری کی سیکورٹی اور صوبے میں امن کا قیام حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔ کمشنر کراچی نے کہا کہ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ صنعتکاروں اور تاجروں کو زیادہ سے زیا دہ ریلیف دینے اور انہیں سیکورٹی فراہم کرنے کے اقدامات کیلئے دن رات کوشاں ہیں اور اس سلسلے میں تاجروں اور صنعتکاروں سے مسلسل رابطے میں بھی ہیں اور تمام مشکلات اور مسائل سے بخوبی آگاہ بھی ہیں۔

مزید :

کامرس -