ٹیسٹ رینکنگ ، مصباح الحق ایک درجہ ترقی پا کر چھٹے نمبر پر آگئے

ٹیسٹ رینکنگ ، مصباح الحق ایک درجہ ترقی پا کر چھٹے نمبر پر آگئے

  

دبئی (اسپورٹس ڈیسک ) برینڈن میک کلم نے بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں تاریخ ساز پرفارمنس کی بدولت کیریئر بیسٹ رینکنگ حاصل کر لی۔ ویلنگٹن ٹیسٹ میں ٹرپل سنچری سکور کرنے کے بعد برینڈن میک کلم آٹھ درجے ترقی کے ساتھ 12 ویں نمبر پر پہنچ گئے، پاکستانی کپتان مصباح الحق ایک درجہ ترقی کے ساتھ چھٹے نمبر پر آگئے ہیں جبکہ یونس خان دسویں پوزیشن پر برقرار ہیں۔ باﺅلنگ میں ڈیل سٹین ایک بار پھر پہلی پوزیشن پر قابض ہوگئے ہیں۔ پاکستانی مایہ ناز اسپنر سعید اجمل ایک درجہ تنزلی کے ساتھ پانچویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، آسٹریلوی فاسٹ باﺅلر مچل جونسن پانچ درجے ترقی کے ساتھ چوتھے نمبر پر آگئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ اور بھارت کے مابین کھیلے گئے ویلنگٹن ٹیسٹ کے بعد آئی سی سی نے پلیئرز کی تازہ ترین رینکنگ جاری کر دی ہے جس کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز برینڈن میک کلم آٹھ درجے ترقی کے ساتھ 12ویں پوزیشن پر آگئے ہیں، یہ ان کی کیریئر بیسٹ رینکنگ ہے۔ جنوبی افریقا کے اے بی ڈی ولیئرز بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں، کمار سنگاکارا دوسرے اور شیونارائن چندرپال تیسرے نمبر پر ہیں۔ پاکستانی کپتان مصباح الحق کی ایک درجہ ترقی ہوئی ہے اور وہ چھٹے نمبر پر آگئے ہیں۔ ویرات کوہلی دو درجے بہتری کے ساتھ نویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ یونس خان دسویں پوزیشن پر برقرار ہیں۔ ڈیوڈ وارنر، سٹیون سمتھ، ایم ایس دھونی، شیکھر دھون اور اجنکیا راہانے کی بھی درجہ بندی میں ترقی ہوئی ہے۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -