پنجاب ا نٹرنیشنل سپورٹس فیسٹیول میں انڈو پاک گیمز کا آغاز2 مارچ سے ہوگا
لاہور ( سپورٹس رپورٹر )پنجاب ا نٹرنیشنل سپورٹس فیسٹیول میں انڈو پاک پنجاب گیمز کا آغاز2 مارچ سے ہوگا۔ تین روزتک جاری رہنے والے ایونٹ میں شرکت کیلئے بھارتی پنجاب کا 99 رکنی دستہ واہگہ بارڈر کے راستے یکم مارچ کو لاہور پہنچے گاجس میں 82 کھلاڑی اور 17 آفیشلز شامل ہوں گے۔ پاکستان اور بھارتی پنجا ب کے کھلاڑیوں کے مابین مڈ ریسلنگ کے مقابلے پنجاب سٹیڈیم، باڈی بلڈنگ الحمراءکلچرل کمپلیکس، ویٹ لفٹنگ الحمراءکلچرل کمپلیکس، رسہ کشی پنجاب سٹیڈیم، آرم ریسلنگ ( مرد و خواتین ) پنجاب سٹیڈیم میٹ ریسلنگ جمنیزیم ہال این پی ایس سی اور کبڈی ( مردوخواتین ) کے مقابلے پنجاب سٹیڈیم میں ہوں گے۔ انڈو پاک پنجاب گیمز کی تیاری کیلئے قومی ٹیموں کے تربیتی کیمپ لاہور میں جاری ہیں جہاں کھلاڑیوں کو تربیت کے سخت مراحل سے گزارا جارہا ہے۔ انڈو پاک گیمز کیلئے منتخب کی گئیں ٹیموں کو اوپن ٹرائلز کے ذریعے منتخب کیا گیا ہے ، کیمپ میں شامل کھلاڑیو ںکی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے بھرپور سہولیات دی جارہی ہیں۔ ڈی جی سپورٹس بورڈ عثمان انور نے اس حوالے سے بتایا کہ انڈوپاک گیمز سے دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہاکہ انڈوپاک گیمز کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ہے اور ان مقابلوں دیکھنے کیلئے شائقین ملک بھر سے لاہور پہنچیں گے۔ عثمان انور نے کہاکہ پاکستانی کبڈی ٹیم نے گزشتہ سال بھارت میں جاکر ورلڈکپ میں حصہ لیا اس بار بھارتی پنجاب کی کبڈی ٹیم پاکستان کے دورے پر آرہی ہے اور دونوں ممالک کے مابین روایتی کھیل کے دلچسپ مقابلے متوقع ہیں۔ انڈو پاک گیمز میں پاکستانی دستہ کے منیجر وقاص اکبر کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں نے بھارت پنجاب ٹیموں سے مقابلہ کرنے کیلئے سخت تربیت شروع کردی ہے ، کھلاڑی روایتی حریف کیخلاف مقابلوں کیلئے پرجوش ہیں۔