وزیرستان میں فوجی آپریشن بھارت اور امریکہ کی خواہش ہے ،اسلم بیگ
لاہور (آئی این پی )سابق آرمی چیف مرزااسلم بیگ نے کہا ہے کہ طالبان مذاکرا ت مخالف عناصر فوج کو پاکستان کے اندرونی معاملات میں الجھائے رکھنا چاہتے ہیں اور وزیرستان میں فوجی آپریشن سے بھارت اور امریکہ کی خواہش پوری ہوجائے گی ‘ملک اور قوم کے مفاد میں طالبان سے مذاکراتی عمل کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے ‘طالبان سے مذاکرات کرکے ہی ملک کو دہشت گردی سے نجات اور امن کا قیام یقینی بنایاجا سکتا ہے ۔ اپنے ایک انٹرویو کے دوران دفاعی تجزیہ نگار نے کہاکہ بھارت اور بالخصوص امریکہ کی خواہش ہے کہ تحریک طالبان پاکستان کے ساتھ حکومت کے مذاکرات کامیاب نہ ہو ں۔ انہوںنے کہاکہ پہلے مذاکرا ت کے دوران ڈرون حملہ کرکے ان مذاکرات کو سبوتاژ کیا گیا اور اب بھی امریکہ اور بھارت مذاکرات مخالف طالبان گروپوں کو پاکستان کے خلاف بھڑکا رہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ طاقت کے استعمال سے مسائل کم نہیں بلکہ ان میں اضافہ ہوتا ہے اور پاکستان میں مفاد میں یہی ہے کہ مذاکرات کاسلسلہ جاری رکھاجائے ۔
اسلم بیگ