ٹیکسٹائل انڈسٹری سمیت برآمدی صنعتوں کوگیس فراہمی،اپٹما کا اظہار تشکر

ٹیکسٹائل انڈسٹری سمیت برآمدی صنعتوں کوگیس فراہمی،اپٹما کا اظہار تشکر

  

لاہور(کامرس رپورٹر)سوئی ناردرن گیس کمپنی نے ٹیکسٹائل انڈسٹری سمیت برآمدی صنعتوں کو 21فروری سے 15روز کیلئے گیس فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے لئے اپٹما وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف ،وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی گیس شاہد خاقان عباسی، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور سوئی ناردرن گیس کمپنی کے حکام کی شکر گذار ہے ۔یہ بات اپٹما پنجاب زون کے چیئرمین ایس ایم تنویر اور سابق چیئرمین گوہر اعجاز نے اپٹما ہاﺅس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اپٹما کے عہدیداران نے بتایا کہ جس طرح وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے وفاق میں اپٹما کا کیس لڑا اور برآمدی صنعتوں کیلئے 15روز کیلئے گیس بحال کرائی ان کو جتنا بھی خراج تحسین پیش کیا جائے وہ کم ہے کیونکہ موجودہ حکومت بزنس فرینڈلی ہے اور وہ صنعتکاروں کے مسائل کو سمجھتی ہے ۔اپٹما پنجاب کے چیئرمین ایس ایم تنویر نے بتایا کہ جی ایس پی پلس سٹیٹس کے باعث آئندہ چار برسوں میں ٹیکسٹائل برآمدات 13ارب ڈالر سے بڑھ کر 26ارب ڈالر کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے جس کیلئے ٹیکسٹائل انڈسٹری میں 7ارب ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے جبکہ دس لاکھ افراد کو روزگار ملے گا ۔

مزید :

صفحہ آخر -