امریکن باکسر مے ویدر میرے ساتھ مقابلہ کرنے سے خوف زدہ تھے ٗ عامر خان

امریکن باکسر مے ویدر میرے ساتھ مقابلہ کرنے سے خوف زدہ تھے ٗ عامر خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لندن (این این آئی)شہرہ آفاق پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے کہا ہے کہ امریکن باکسر مے ویتھر میرے ساتھ مقابلہ کرنے سے خوف زدہ تھے اسلئے انہوں نے انکار کیا، تمام تر توجہ کانیلو کے خلاف فائٹ پر مرکوز ہے اور میں بھرپور تیاری کے ساتھ رنگ میں اتروں گا۔ میڈیارپورٹ کے مطابق مے ویتھر نے 49-0 فتوحات کے شاندار ریکارڈ کے ساتھ گزشتہ برس انٹرنیشنل باکسنگ کو خیرباد کہہ دیا تھا۔ عامر خان نے ان سے مقابلے کیلئے بہت کوشش کی تاہم مے ویتھر نے انکار کر دیا۔ اس کے بعد انہوں نے مینی پاکیو کو بھی چیلنج کیا تاہم دونوں باکسرز کے درمیان مقابلہ طے نہ پا سکا اور اب عامر خان رواں برس 7 مئی کو ساؤل کانیلو ایلواریز کے خلاف رنگ میں اتریں گے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ دنیا کے بہترین باکسرز کے ساتھ مقابلہ کرنے کا خواہاں ہوں، مے ویتھر اور پاکیو سے مقابلہ نہ ہونے پر بے حد مایوسی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ میں دنیا پر یہ بات ثابت کرنا چاہتا تھا کہ میں ویتھر سے بہترین اور بڑا فائٹر ہوں، میں اور میری پوری ٹیم نے ویتھر سے مقابلے کیلئے سرتوڑ کوشش کی لیکن بد قسمتی سے فائٹ طے نہ پا سکی، میں دیانت داری کے ساتھ کہتا ہوں کہ ویتھر میرے ساتھ مقابلہ کرنے سے ڈر گئے تھے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس کھیل میں بہت سیاست ہو رہی ہے تاہم میری تمام تر توجہ کانیلو کے خلاف فائٹ پر مرکوز ہے اور میں فائٹ جیتنے کیلئے پوری طاقت اور تیاری کے ساتھ رنگ میں اتروں گا۔