محکمہ جنگلات پنجاب 55لاکھ علاقائی اقسام کے مختلف پودے لگائے گا

محکمہ جنگلات پنجاب 55لاکھ علاقائی اقسام کے مختلف پودے لگائے گا

  

لاہور(اے پی پی )محکمہ جنگلات پنجاب آئندہ 5سالوں میں صوبہ میں10 ہزار ایکڑخالی رقبہ پر 5.5ملین علاقائی اقسام کے مختلف پودے لگائے گا، محکمہ جنگلات کی زمینو ں پر 4.71 ملین ، افواج پاکستان کے زیر انتظام رقبہ پر 1.44 ملین ، دیگرمحکموں1.21 جبکہ پرائیویٹ زمینوں پر 6.64 ملین پودے لگائے جائیں گے، ڈویژنل فا ر سٹ �آفیسر محمد سلیم ملک نے اے پی پی کو بتایا کہ محکمہ کی طرف سے چیڑ، کیل، دیودار ، فر، پڑتل ، پھلائی، کیکر، کہو، جنڈ، شیشم، سفیدہ،بکائن، پاپلر، سرس، توت، نیم، فراش، جامن، پلکن، ارجن ، تن و دیگراقسام کے زیبائشی اورپھلدار پودہ جات لگائے جائیں گے، انہوں نے بتایا کہ موسم بہار شجر کاری مہم کے علاوہ مالی سال 2016-17 کے دوران محکمہ جنگلات اپنے ترقیاتی و غیر ترقیاتی بجٹ میں سے 8317 ایکڑ رقبہ پر ذخیرہ کی صورت میں جبکہ سڑکوں کے کنارے351 ایونیو میل پر بھی شجر کاری کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ گرین پاکستان پروگرام کے تحت پنجاب کے 19 اضلاع جن میں لاہور، قصور ، اوکاڑہ ، گوجرانوالہ ، گجرات، سیالکوٹ ، فیصل آباد، جھنگ، ساہیوال، سرگودھا، بھکر، راولپنڈی ، چکوال، جہلم ، اٹک، بہاولپور، مظفر گڑھ، لیہ اور راجن پور شامل ہیں میں 138ایکڑ رقبہ پر تقریباً ایک لاکھ پودے لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز کیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی خصوصی ہدایات پر زمینداروں کو 11850 ایکڑ رقبہ پر شجر کاری کیلئے کسان پیکج کے تحت مالی معاونت فراہم کی جائے گی جس کے تحت کی جانے والی شجر کاری پر آنے والی لاگت کا 70 فیصد خرچ محکمہ جنگلات جبکہ بقیہ 30 فیصد متعلقہ زمیندارو ں کو برداشت کرنا پڑے گا ۔انہوں نے کہاکہ اس سکیم سے نہ صرف زمینداروں کا معیار زندگی بلند ہوگا اور وہ خوشحال ہوں گے بلکہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے میں بھی خاطرخواہ مد دملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ موسم بہار شجر کاری مہم کا بنیاد ی مقصد زیادہ سے زیادہ درخت لگانے بارے عوام آگاہی پیدا کرنا ہے تاکہ تیزی بڑھتی ہوئی آبادی کے باعث جنم لینے والے ماحولیاتی آلودگی کے عفریت پر قابو پایاجاسکے۔ انہو ں نے کہاکہ ملک میں توانائی او رلکڑی کی بڑھتی ہوئی ضروریات زیادہ سے زیادہ شجرکاری کی متقاضی ہے اور اس ضمن میں زندگی کے ہر شعبہ سے وابستہ افراد کو اپنی قومی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ضرورت ہے ۔محکمہ جنگلات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ موسم بہار شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنے حصے کا پودا لگا کر آئندہ نسلو ں کے لئے صاف ستھرا اور آلودگی سے پاک ماحول فراہم کرنے میں حکومت کی مدد کریں ۔

مزید :

کامرس -