کیویز کی جیت کا نشہ ہرن،جنوبی افریقہ 4وکٹ سے کامیاب

کیویز کی جیت کا نشہ ہرن،جنوبی افریقہ 4وکٹ سے کامیاب

  

ہملٹن(اے پی پی) جنوبی افریقہ نے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، خراب موسم کے باعث میچ کو 34 اوورز تک محدود کر دیا گیا، پروٹیز نے 208 رنز کا ہدف آخری اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، کوئنٹن ڈی کاک نے نصف سنچری سکور کی، اے بی ڈی ولیئرز اور فلکوایو نے بالترتیب 37 اور 29 رنز بناکر جیت میں اہم کردار ادا کیا، ڈی کاک میچ کے بہترین پلیئر قرار پائے۔ تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ نے مقررہ 34 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز بنائے، کپتان کین ولیمسن نے 59 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، دیگر بلے بازوں میں کولن گرینڈہوم (ناٹ آؤٹ) 34 ، ڈین براؤنلی 31، جمی نیشم 29 اور ٹم ساؤدی 24 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ کرس مورس نے چار اور کگیسو ربادا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں جنوبی افریقہ نے ہدف سنسنی خیز مقابلے کے بعد 33.5 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، کوئنٹن ڈی کاک نے 69 اور ہاشم آملہ نے 35 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر عمدہ آغاز فراہم کیا، آخر میں اے بی ڈی ولیئرز اور فلکوایو نے شاندار بیٹنگ کی اور بالترتیب 37 اور 29 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو کامیابی دلا دی۔ ٹم ساؤدی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ کوئنٹن ڈی کاک کو میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -