تمام ہسپتالوں کے ایم ایس مریضوں کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات فراہم کریں ،خواجہ عمران

تمام ہسپتالوں کے ایم ایس مریضوں کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات فراہم کریں ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( وقائع نگار)صوبائی وزیر برائے پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر نے تمام ڈسٹرکٹ و تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو ہدایت کی ہے کہ وہ مینیمم سروس ڈلیوری سٹینڈرڈز (MSDS)کو یقینی بناتے ہوئے مریضوں کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات فراہم کریں اور ہسپتالوں کی ری ویپمنگ کے کام کو مزید تیز کیاجائے تاکہ مقرر کردہ اہداف کو بروقت حاصل کیاجاسکے ۔انہو ں نے یہ بات اتوار کے روز ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز کے کمیٹی روم میں تمام ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیو ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ اجلاس میں سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ علی جان خان ، سپیشل سیکرٹری ہیلتھ و ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر فیصل ظہور ،ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن ڈاکٹر عدنان ظفر کے علاوہ محکمہ صحت کے دیگر متعلقہ افسران و میڈیکل سپرنٹنڈنٹس نے شرکت کی ۔خواجہ عمران نذیر نے ضلعی و تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتالو ں کی کارکردگی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے کہاکہ رواں مالی سال میں 40 ضلعی و تحصیل ہسپتالو ں کی ری ویپمنگ اور مسنگ سہولیات کی فراہمی کے حصول کو یقینی بنایاجائے گا ۔ اس موقع پر سیکرٹری ہیلتھ علی جان خان نے بتایاکہ تمام متعلقہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی میڈیکل آفیسرز تعینات کئے جارہے ہیں جنہیں فاصلے کے اعتبار سے دوردراز اضلاع میں ایک لاکھ 25ہزار سے اڑھائی لاکھ روپے تک کا خصوصی پے پیکج دیاجائے گا ۔انہو ں نے کہاکہ ڈی ایچ کیو ہسپتال قصور اور شیخوپورہ میں EMOکو ایک لاکھ روپے تک سیلری پیکج دیاجائے گا جبکہ تھل اور دیگر دوردراز علاقوں کے ہسپتالو ں میں تعینات ہونے والے ڈاکٹرز کو دو لاکھ 50 ہزار روپے تک کا پیکج دیاجائے گا ۔انہو ں نے بتایاکہ یہ EMOs میڈیکو لیگل کی ذمہ داریوں سے مستثنی ہو ں گے ۔ وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہاکہ میڈیکل سپرنٹنڈنس کی پرفارمنس مانیٹر کرنے کے لئے بھی انفارمیشن ٹیکنالوجی کو استعمال میں لایاجائے گا او ر اینڈرائیڈ اپلیکیشنز متعارف کرائی جارہی ہیں ۔ خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ حکومت وزیراعلی پنجاب محمدشہبازشریف کی ہدایت پر عوام کو ان کی دہلیز پر علاج معالجہ کی سہولیات مہیا کرنے کے لئے پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر سسٹم کو مضبوط کررہی ہے اور ضلعی و تحصیل ہسپتالو ں میں سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی تعیناتی کے علاوہ ہر ڈی ایچ کیو ہسپتال میں پانچ بستروں پر مشتمل آئی سی یو بھی قائم کیاجارہاہے تاکہ تشویشناک حالت کے مریضوں کو مقامی سطح پر علاج معالجہ کی بہتر سہولیات اور نگہداشت مہیا کی جاسکے ۔انہو ں نے کہاکہ چھوٹے ہسپتالوں سے بڑے ہسپتالو ں کی طرف مریضوں کو ریفر کرنے کے لئے باقاعدہ ریفرل سسٹم تشکیل دیاجارہاہے اور وزیراعلی کی ہدایت پر ریسکیو 1122 کے زیر اہتمام ایک مربوط ایمبولینس سروس کا آغاز کردیاگیاہے تاکہ ضرورت پڑنے پر تشویشناک حالت کے مریضوں کوٹیچنگ ہسپتال منتقل کرنے میں دشواری پیش نہ آئے ۔انہو ں نے کہاکہ ضلع کی سطح پر ایمبولینسز کا پول بنایاگیاہے ۔ انہو ں نے تمام متعلقہ ہسپتالوں میں ڈاکٹروں و سٹاف کی حاضری یقینی بنانے ،ادویات کی دستیابی اور ہسپتالو ں میں صفائی کے معیار کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس اپنی ذمہ داریاں مزید مستعدی کے ساتھ سرانجام دیں ۔